مشرف نے ججز اور پراسیکیوٹر کی تقرری کیخلاف انٹراکورٹ اپیل دائر کر دی سماعت(کل) ہوگی،اسلام آباد ہائیکورٹ میں پرویزمشرف کیخلاف پاکستانی شہریوں کو فروخت کرنے پر درخواست دائر

بدھ 15 جنوری 2014 20:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 جنوری ۔2014ء) سابق صدر پرویز مشرف نے خصوصی عدالت، ججز اور پراسیکیوٹر کی تقرری کیخلاف ایک بار پھر انٹراکورٹ اپیل دائر کردی، اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت (کل) جمعرات کو ہوگی۔

(جاری ہے)

بدھ کو پرویز مشرف کے وکلا کی جانب سے دائر کی جانے والی انٹرا کورٹ اپیل میں خصوصی عدالت ،ججز اور پراسیکیوٹر پر عدم اعتماد کا اظہار کیا گیا ،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پرویز مشرف کیخلاف تعصب اور یکطرفہ کارروائی کئے جانے کا خدشہ ہے،جو غیرقانونی ہوگی، اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی، جسٹس شوکت عزیز صدیقی اور جسٹس نورالحق قریشی پر مشتمل بینچ (کل) جمعرات کوسماعت کرے گا۔

دوسری طرف اسلام آباد ہائیکورٹ میں پرویزمشرف کیخلاف پاکستانی شہریوں کو فروخت کرنے پر درخواست دائر کردی گئی۔درخواست کرنل انعام الرحیم ریٹائرڈ کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ سابق صدر پرویز مشرف نے 389 پاکستانی شہریوں کو ڈالرز کے بدلے فروخت کیا،جس کا اعتراف انہوں نے اپنی کتاب میں بھی کیا،،اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔