Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب سے قرشی انڈسٹریز کے وفد کی ملاقات،77کروڑ روپے کی پانی صاف کرنے والی دوائی مفت فراہم کرنے کا اعلان،صاف پانی پراجیکٹ کے تحت آئندہ پانچ سالوں میں صوبے کے تمام اضلاع میں صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائیں گے‘ شہباز شریف ،شہبازشریف اور ان کی ٹیم کی صوبے کی ترقی کیلئے کارکردگی لائق تحسین ہے، شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے حکومت سے تعاون جاری رکھیں گے‘ اقبال احمد قرشی

بدھ 15 جنوری 2014 20:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 جنوری ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ شہریوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے پینے کے صاف پانی کی فراہمی بے حد ضروری ہے ،صاف پانی کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے اور پنجاب حکومت شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی پر اربوں روپے خرچ کررہی ہے ،آئندہ پانچ سالوں میں صوبے کے ہر گھر تک پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائیں گے ،صاف پانی پراجیکٹ کے تحت تمام اضلاع میں واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جارہے ہیں ،قرشی انڈسٹریز کی جانب سے 77کروڑ روپے مالیت کی پانی صاف کرنے والی دوائی کی ایک کروڑ بوتلوں کی فراہمی نیک کام ہے اوراس کارخیر میں حصہ لینے والے دنیا اور آخرت دونوں کما رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قرشی انڈسٹریز کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر تے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر قرشی انڈسٹریز اور پارنٹرز نے 77کروڑ روپے مالیت کی پانی صاف کرنے والی دوائی آب نقرہ کی ایک کروڑ بوتلیں عوام کے لیے مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا۔مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق،چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،سیکرٹریز ہائر ایجوکیشن ،صحت ،سکولز، ہاوٴسنگ، سوشل ویلفےئر اورایم ڈی نیسپاک بھی اس موقع پربھی موجود تھے ۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قرشی انڈسٹریز اور پارنٹرز کی جانب سے پانی صاف کرنے والی دوائی کی فراہمی پر شکرگز ا رہیں۔ اس کار خیر میں حصہ لینے والوں کا انسانیت کی خدمت کا جذبہ لائق تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ قرشی انڈسٹریز کی جانب سے واٹر پیوریفکشن پلانٹس کا منصوبہ بھی سود مند ثابت ہوگاتاہم یہ منصوبہ سٹیٹ آف دی آرٹ ہونا چاہیے۔

وزیراعلیٰ نے مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے کہا کہ کمیٹی پانی صاف کرنے والی دوائی کے استعمال اور عوام الناس میں تقسیم کے عمل کی نگرانی کرے گی۔انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں آلودہ پانی کے زیادہ مسائل ہیں وہاں ترجیحی بنیادوں پر اس دوائی کا استعمال کیا جائے ۔دوائی کے استعمال کی مانیٹرنگ کی جائے اوراس کے نتائج کے بارے میں مجھے بھی آگاہ کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو پانی صاف کرنے والی دوائی کے بارے میں آگاہی دینے کے لیے ضلع اور تحصیل کی سطح پر سیمینارز کا اہتمام کیا جائے۔قرشی انڈسٹریز کے اقبال احمد قرشی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی اور عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے ہمیں ملکر کا م کر نا ہے۔حکومت اور عوام ملکر ہی فلاحی منصوبوں کو کامیابی سے آگے بڑھا سکتے ہیں۔انہو ں نے کہا کہ آلودہ پانی کی وجہ سے لوگ بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں۔شہریوں کو بیماریوں سے بچانے کے لیے صاف پانی کی فراہمی میں حکومت سے تعاون جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کارکردگی قابل ستائش ہے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات