میدانی علاقوں میں بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے امراض تنفس اور دمہ تیزی سے پھیل رہے ہیں ‘ڈاکٹر سی ایم حنیف

بدھ 15 جنوری 2014 14:05

میرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15جنوری 2014ء) سردی کا موجودہ دورانیہ اس لحاظ سے انتہائی خطرناک ہے کہ میدانی علاقوں میں بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے امراض تنفس اور دمہ تیزی سے پھیل رہے ہیں خشک سردی کی وجہ سے برانکائیٹس، ٹانسلائیٹس، فرینجائیٹس سمیت دیگر بیماریاں بڑی آبادی کو متاثر کر رہی ہیں اس کے لئے ضروری ہے کہ عوام فی الفور احتیاطی تدابیر اپنائیں اور مرض کی صورت میں فوری طور پر ماہر معالج سے رابطہ کریں دمہ کی ایک وجہ مخصوص درخت اور پودے بھی ہیں جن کا پولن دمہ اور الرجی کی کیفیات پیدا کرتاہے ان خیالات کا اظہار ماہر امراض بچگان ڈاکٹر سی ایم حنیف نے سی پی سی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ورکشاپ میں ڈاکٹر نتاشہ ہاشمی، ڈاکٹر فاریہ چوہدری، ڈاکٹر ارم بٹ اور دیگر نے بھی شرکت کی ڈاکٹر سی ایم حنیف نے کہا کہ آزاد کشمیرکے بالائی پہاڑی علاقوں وادی نیلم، وادی جہلم، ہٹیاں بالا ،چکوٹھی،تاؤ بٹ، راولاکوٹ، دھیرکوٹ، نکیال سمیت دیگر درجنوں شہروں اورقصبات میں زبردست قسم کی برفباری ہوئی ہے اور ان علاقوں کے عوام میں دیگر بیماریاں جہاں پھیل رہی ہیں وہیں پر نمونیہ کی شکایات نوزائیدہ اورکم عمر بچوں میں سب سے زیادہ رپورٹ ہو رہی ہیں ہم نے اسی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے آزاد کشمیر کے خواتین اور بچوں کی بیماریوں کے علاج کے سب سے بڑے اور جدید ترین ادارے ”لیڈیز اینڈ چلڈرن ہسپتال میرپور“ میں ”سپیشل نمونیہ سیل“ قائم تھا جس میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز اور نرسز سمیت بڑی تعداد میں پیرا میڈیکل سٹاف کو تعینات کیا گیا تھا اب تک سپیشل نمونیہ سیل میں دو سو سے زائد بچوں کو علاج معالجہ کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے اور مزید مریضوں کو طبی سہولت سے استفادہ کاموقع مل رہاہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر سی ایم حنیف نے کہا کہ عوام اس بات کو سمجھنے کی کوشش کریں کہ علاج کروانے سے کہیں بہترہے کہ بیماری سے بچا جائے اور اس کا واحد طریقہ شعور وآگہی حاصل کر احتیاطی تدابیر کااختیار کرناہے۔ امید ہے کہ آنیوالے دنوں میں اللہ بزرگ وبرتر کے فضل وکرم سے میرپور سمیت پاکستان اور آزاد کشمیر کے میدانی علاقوں میں بارشیں ہونگی جس سے وبائی امراض سمیت دیگر بیماریوں کا پھیلاؤ رک جائیگا ۔

متعلقہ عنوان :