حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ کو ٹیکسوں میں دی گئی رعایت ختم کرنے کی یقین دہانی کرادی

بدھ 15 جنوری 2014 13:25

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15جنوری 2014ء) حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ کو ٹیکسوں میں دی گئی رعایت ختم کرنے کی یقین دہانی کرادی، تین سال میں پانچ سو ارب روپے کے نئے ٹیکس لگائے جائیں گے۔ حکومت نے مشکل فیصلہ کرتے ہوئے انکم ٹیکس،، سیلز ٹیکس، اور کسٹم ڈیوٹی میں دی گئی چھوٹ ختم کرنے اور آئندہ تین سال میں پانچ سو ارب روپے کے ٹیکس عائد کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

(جاری ہے)

وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کو جمع کرائے گئے منصوبے کے تحت ٹیکسوں میں دی گئی مراعات تین مرحلوں میں ختم کی جائیں گی، پہلا مرحلہ یکم جولائی دوہزار چودہ سے شروع ہوگا، جبکہ آخری مرحلہ مالی سال دوہزار سولہ اور سترہ تک ختم ہوگا، چیئرمین ایف بی آر کا کہنا ہے کہ عالمی معاہدوں یا سفارت کاروں کے لئے استثنی برقرار رہے گا۔ اس کے علاوہ آزاد تجارتی معاہدے یا ترجیحی تجارت کے معاہدوں پر بھی ٹیکسوں میں رعایت جاری رہے گی۔