پاکستان کی سرمایہ کاری پالیسی خطہ میں سب سے بہترین ہے ، ایف پی سی سی آئی

بدھ 15 جنوری 2014 13:22

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15جنوری 2014ء) وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت(ایف پی سی سی آئی)کے صدر زبیر احمد ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کی سرمایہ کاری پالیسی خطہ میں سب سے بہترین ہے جس میں بے شمار مراعات، ٹیکس چھوٹ، ڈبل ٹیکسیشن سے نجات، منافع کی بیرون ملک منتقلی اور مقامی پارٹنر کی ضرورت نہ ہونے کو یقینی بنایا گیا ہے، برطانوی صحافیوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دوستانہ پالیسیوں سے سبب چھ سو کثیر القوامی کمپنیاں پاکستان میں کاروبار کر رہی ہیں۔

جن میں سے ایک سو برطانوی ہیں دیگر بہت سی بین الاقوامی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں، جنھیں مغربی میڈیا مسلسل خوفزدہ کر رہا ہے ،مغربی ذرائع ابلاغ ہمیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پارٹنر کہتا ہے مگر ہماری لا زوال قربانیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے دنیا کو منفی تصویر دکھانے میں مصروف ہے تاہم اسکے باوجود چین،کوریا، بھارت، عرب ممالک اور دیگرپاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کر رہے ہیں اسلئے مغربی سرمایہ کار بھی بلا خوف و خطرپاکستان کا رخ کریں اور رہائش، نقل و حمل، صحت، تعلیم، معدنی ذخائراور تھر کول کے شعبوں میں سرمایہ لگائیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا معیار دہرا ہے، مغربی ممالک کو نرم اور دیگر ممالک کو سخت شرائط پر قرض دیا جاتا ہے، پاکستان پر لاگو کی گئی شرائط سے کاروبار ناممکن اورغربت میں اضافہ ہو گا،پاکستان میں ایک ترقی یافتہ قوم بننے کے تمام لوازم موجود ہیں اور ہمارا مستقبل انتہائی روشن ہے۔

متعلقہ عنوان :