پرتگال کے نامور فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے فیفا پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا

بدھ 15 جنوری 2014 13:17

زیورخ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15جنوری 2014ء)پرتگال کے نامور فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے فیفا پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا ۔گزشتہ روز فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام سالانہ ایوارڈز کی تقریب سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ میں منعقد ہوئی جس میں سال کے بہترین فٹ بالر سمیت کئی ایوارڈز کھلاڑیوں کو دیئے گئے۔ فیفا پلیئر آف دی ایئر کیلئے دنیا کے تین بہترین فٹ بالرز کے مابین کانٹے کا مقابلہ تھا جس میں ارجنٹائن کے شہرہ آفاق فٹ بالر لیوئنل میسی، پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو اور فرانس کے فرینک ریبری شامل تھے۔

2013 میں شاندار کارکردگی دکھانے پر فیفا کے ارکان کی فٹ بال ٹیموں کے کپتانوں، کوچ اور صحافیوں پر مشتمل کمیٹی نے پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو کو اس ایوارڈ کا مستحق قرار دیا۔

(جاری ہے)

جب رونالڈو کے نام کا اعلان کیا گیا تو ان کی خوشی دیکھنے والی تھی، ایوارڈ لینے کیلئے اسٹیج پر آنے والے رونالڈو اپنے آنسو نہ روک سکے۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے کلب اور ملک کے کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا انہوں نے کہاکہ ان سب کے تعاون کے بغیر وہ یہ اعزاز نہیں جیت سکتے تھے، حاضرین میں بیٹھی ہوئی رونالڈو کی والدہ بھی اس موقع پر اپنے خوشی کے آنسو نہ روک سکیں۔

کرسٹیانو رونالڈو نے 2013 کے دوران اپنے ملک اور کلب کی جانب سے 56 میچوں میں حصہ لیا اور اس دوران 66 گول سکور کئے۔ جرمنی کی گول کیپر نیڈائن اینگرر کو فیفا ویمن پلیئر آف دی ایئر قرار دیا گیا، جرمنی ہی کے کلب بائرن میونخ کے سابق کوچ ہینکس کو سال کا بہترین کوچ جبکہ سویڈن کے ابراہمووچ کے گول کو سال کا بہترین گول قرار دیا گیا۔ افغانستان کی فٹ بال فیڈریشن کو فیئر پلے ٹرافی دی گئی، تقریب میں لیجنڈ فٹ بالر پیلے کو بھی اعزازی بیلن ڈی اور ایوارڈ سے نوازا گیا۔