بنگلہ دیش کی خراب صورتحال ، ایشیا ء کرکٹ ٹور نا منٹ کسی دوسرے ملک منتقل کئے جانے کاامکان ہے ، سینئر رکن ایشین کرکٹ کونسل

بدھ 15 جنوری 2014 13:15

دوحہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15جنوری 2014ء) ایشین کرکٹ کونسل کے ایک سینئر رکن نے کہا ہے کہ سری لنکا سے 2014ء کے ایشیا کپ کیلئے اسٹیڈیمز کو تیار رکھنے کی درخواست کی گئی ہے ، اس بات کا امکان ہے کہ بنگلہ دیش میں یہ ٹورنامنٹ منعقد نہیں ہوپائے گا۔میڈیار پورٹ کے مطابق ایشیا ء کپ 25 فروری سے 8 مارچ کے درمیان بنگلہ دیش میں منعقد ہوگا تاہم وہاں جاری سیاسی کشیدگی کے باعث گزشتہ چند ماہ کے دوران 150 سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے ٹورنامنٹ کو کسی دوسرے ملک منتقل کیے جانے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

ہوٹل کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں ویسٹ انڈیز کی انڈر نائنٹین ٹیم کا دورہ اچانک ختم کرنا پڑا تھا جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی بنگلہ دیش ٹیم روانہ کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے جس کی وجہ حکومتی اور بورڈ سطح پر جاری کشیدگی ہے۔گزشتہ ماہ کے اجلاس کے دوران اے سی سی نے بنگلہ دیش میں ٹورنامنٹ کے انعقاد کی منظوری دی تھی۔اس کے باوجود ایک سینئر اے سی سی افسر کے مطابق سری لنکا کو اسٹیڈیمز کو تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں ابھی ایک مہینے سے زائد عرصہ باقی ہے، اس لیے ہمارے پاس صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے وقت موجود ہے۔

متعلقہ عنوان :