سینیٹ میں اپوزیشن کا الیکشن کمیشن کی تشکیل نو کامطالبہ ، یہی لوگ موجود رہے تو بلدیاتی انتخابات میں بھی تماشہ ہوگا،الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومتوں کی منتیں کرکے بلدیاتی انتخابات پرسپریم کورٹ جانے کاکہا ،سینیٹرسعیدغنی،زاہدخان،شاہی سید، سعیداقبال ، عوام نے کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیئے ہیں، الیکشن چرانا آسان نہیں ، ایزی لوڈ والی حکومتیں چلائیں گے تو آئندہ عوام بھی ہمارا یہی حشرکریگی، سینیٹرمشاہداللہ خان

پیر 13 جنوری 2014 22:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 جنوری ۔2014ء) سینیٹ میں اپوزیشن نے الیکشن کمیشن کی تشکیل نو کامطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ یہی لوگ موجود رہے تو بلدیاتی انتخابات میں بھی تماشاہوگا،الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومتوں کی منتیں کرکے بلدیاتی انتخابات پرسپریم کورٹ جانے کاکہا جبکہ حکومتی سینیٹرمشاہداللہ خان نے کہا کہ عوام نے کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیئے ہیں الیکشن چرانا آسان نہیں ہیں ایزی لوڈ والی حکومتیں چلائیں گے تو آئندہ عوام بھی ہمارا یہی حشرکرینگی ۔

پیرکو سینیٹ کے اجلاس میں سینیٹرسعیدغنی نے تحریک پیش کی کہ یہ عوام 2013ء کے عام انتخابات میں مبینہ بے قاعدگیوں کو زیربحث لائے جس پراظہارخیال کرتے ہوئے سینیٹرسعیدغنی نے کہا کہ گیارہ مئی کے عام انتخابات کے بعد الیکشن کمیشن کی نااہلی ثابت ہوگئی ہے الیکشن کمیشن نے یقین دہانی کرائی تھی کہ ایسے انتظامات کئے گئے ہیں کہ دھاندلی نہیں ہوگی جب ووٹوں کی گنتی ہوتی ہے تو ہمیشہ صوبائی اورقومی اسمبلی کے ووٹوں کی تعداد برابر ہوتی ہے لیکن بعض حلقوں میں ایسا نہیں تھا پریذائیڈنگ افسران کو نظرنہیں آیا کہ دھاندلی ہورہی ہے پھرکہاگیا کہ ان دھاندلیوں پرالیکشن ٹریبونل میں چلے جائیں اگر ٹریبونل میں ہی جانا ہے تو الیکشن کمیشن کو ختم کردیاجائے انہوں نے کہاکہ چیزوں کو ٹھیک کرنے کیلئے اختیارات دیئے جاتے ہیں لیکن الیکشن کمیشن نے سارا نظام گرادیا ان کو دیئے گئے اختیارات کادوبارہ جائزہ لیاجاناچاہیے ان کی موجودگی میں بلدیاتی انتخابات میں بھی یہی تماشہ ہوگا انہوں نے کہاکہ صدارتی انتخابات میں بھی تماشا لگایا گیا الیکشن کمیشن ہرمعاملے پر سپریم کورٹ کاانتظارکرتارہا بلدیاتی انتخابات کے دوران سندھ اورپنجاب میں الیکشن کمیشن نے تاریخیں دیں پھرانہیں احساس ہوا کہ انتخابات نہیں ہوسکتے جس پرانہوں نے صوبائی حکومتوں کی منتیں کیں کہ وہ سپریم کورٹ جائیں کہ یہ الیکشن نہیں ہوسکتے انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن بااختیارہے اسے دیکھناچاہیے کہ کس وقت انتخابات کرواسکتے ہیں اورکس وقت نہیں۔

(جاری ہے)

تحریک پر بحث کرتے ہوئے سینیٹرسعیدہ اقبال نے کہاکہ 2013ء کے انتخابات انوکھے تھے عدلیہ اورالیکشن کمیشن نے انہیں سبوتاژ کیا پہلے ہی فیصلہ ہوگیاتھا کہ کس کوکیاکیاملے گاہم نے جیتی ہوئی سیٹیں ہاریں اے این پی ،پیپلزپارٹی اوربی این پی کاکیاقصورتھا بلدیاتی انتخابات میں بھی پہلے ہی فیصلہ ہوچکا ہے کہ کس کو کیاکیاملے گا انہوں نے مطالبہ کیاکہ ایک اعلیٰ سطحی کمیشن بنایاجائے جو انتخابات میں ہونیوالی دھاندلی کو سامنے لائے تاکہ آئندہ ایسا نہ ہو سینیٹرشاہی سید نے کہاکہ الیکشن کمیشن اورنادرا نے مطمئن کیاتھا کہ یہ پہلا الیکشن ہوگا جس میں دھاندلی نہیں ہوگی پہلے دن سے ہی یہ انتخابات مشکوک تھے طالبان نے چند جماعتو ں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دی مگر ان جماعتوں سے شکوہ ہے کہ انہوں نے یہ نہیں کہاکہ دیگرجماعتوں کو بھی ہماری طرح موقع دیاجائے تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت نہیں جراثیم ہے سینیٹرہمایوں مندوخیل نے کہاکہ ان انتخابات میں صادق اورامین کاپتہ ہی نہیں چلا ملکی تاریخ میں اس طرح کی دھاندلی پہلے کبھی نہیں ہوئی انہوں نے کہاکہ اس ملک کامستقبل صاف شفاف انتخابات میں ہے جمہوریت گامزن رہے اس لئے نتائج تسلیم کئے الیکشن کمیشن کی تشکیل نو کی جائے سینیٹرزاہد خان نے کہاکہ ہمارے اوپر گھیراتنگ کیاگیا کے پی کے میں جتنی دھاندلی کی گئی ملک میں کہیں بھی نہیں ہوئی فخرالدین جی ابراہیم بھاگے لیکن انہوں نے بتایانہیں کہ ان کے ساتھ کیاہوا اس دفعہ عدلیہ کیساتھ ملکردھاندلی کی گئی الیکشن کمیشن نے ملک کو جتنا نقصان پہنچایاہے وہ ناقابل تلافی ہے ۔

بحث کو سمیٹتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر سینیٹرمشاہداللہ خان نے کہاکہ سینیٹرسعیدغنی کی تقریر میں سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری ہوتے ہیں سعیدغنی کاسامراج سپریم کورٹ اورافتخار چوہدری ہیں انہوں نے کہاکہ 2013ء کے انتخابات میں یورپی مبصرین نے کہاکہ کراچی اورسندھ میں دھاندلی ہوئی انتخابات سے قبل ملکی اورغیرملکی سروے میں جو کہاگیاتھا کیا نتائج وہی نہیں آئے؟ انہیں شکست کو تسلیم کرناچاہیے کے پی کے میں طالبان تنگ کررہے تھے لیکن پنجاب میں انہیں کون تنگ کررہاتھا یوسف رضاگیلانی اورراجہ پرویزاشرف پنجاب میں انتخابی مہم چلاتے انہوں نے پانچ سال جوکیا الیکشن کیسے جیت سکتے تھے الیکشن چوری کرناآسان نہیں ہوتا پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ ہمارانامزد نہیں تھا پریذائیڈنگ افسران کس نے لگائے پی آئی اے سے بھی 45لوگ لئے گئے اگر ایزی لو ڈ والی حکومتیں چلائیں گے تو ایسے ہی ہوگا اگر ہم بھی ایسا کرینگے توعوام آئندہ ہمارابھی یہی حشر کرینگے۔