ا یف سی کی عطاء شاد ڈگری کالج کے ہاسٹل میں کارروائی، کثیر تعدادمیں نقشے ،پاکستان مخالف اشتعال انگیز رسالے بینرز،پوسٹرز اور دیگر تخریبی کتابی موادبرآمدکرلیا،بیرو نی ایجنڈے پر عمل پیراآلہ کار معصو م طالبعلمو ں پرعلم کے دروازے بند کر کے مذموم مقاصد کیلئے شر پسند اور تخریب کار بنانا چاہتے ہیں، ترجمان ایف سی

پیر 13 جنوری 2014 22:29

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 جنوری ۔2014ء) فرنٹیئرکوربلوچستان نے تربت کے عطاء شاد ڈگری کالج کے ہاسٹل میں کامیاب کارروائی کے دورا ن کثیر تعداد میں نقشے،پاکستان مخالف اشتعال انگیز رسالے ،بینرز،پوسٹرز اور دیگرتخریبی کتابی مواد برآمد کر لیا۔ مورخہ09جنوری کو فرنٹیئرکور بلوچستان نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے تربت میں قائم عطاء شادڈگری کالج کے ہاسٹل سے کثیر تعداد میں نام نہاد آزاد بلوچستان کے نقشے،پاکستان مخالف اشتعال انگیز رسالے،بینرز،پوسٹرز اور دیگر تخریبی کتابی مواد بر آمد کر لیا۔

مذکورہ کالج کے ہاسٹل میں شرپسند اورکالعدم بی ایس او (آزاد) کے عناصرطالب علموں کا برین واش کر کے پاکستان مخالف پروپیگنڈہ کے ذریعے حمایتی،ہم خیال اور شرپسند بنا کر ان کوشرپسندی اور تخریب کاری کے مذموم مقاصدمیں استعمال کرنا چاہتے تھے۔

(جاری ہے)

مذکورہ کالج کے ہاسٹل میں طالب علموں کو شرپسندی اور تخریب کاری پر اُکسانے والی شعروشاعری، نظریہ پاکستان مخالف مضامین ، شرپسندوں کی زندگی پر محیط کہانیاں پڑھائی جاتی تھی تا کہ نوجوانوں کو پاکستان مخالف نظریات پر آمادہ کر کے ان کو صوبے میں تخریب کاری کے مذموم مقاصد کے لئے استعمال کیا جا سکے لیکن فرنٹیئرکوربلوچستان نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے ہاسٹل سے کثیر تعداد میں ملک مخالف تخریبی کتابی مواد اور اشتعال انگیز لٹریچرجو کہ ہمسایہ ممالک اور کراچی سے پرنٹ شدہ ہے بر آمد کر لیا۔

شر پسند عناصر معصو م طالبعلمو ں کو ملک مخالف سرگر میو ں میں اُکسانے کیلئے کو ئی مو قع ہاتھ سے جا نے نہیں دیتے۔ شر پسند بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا ہو کرمعصوم طالبعلمو ں سے کتا بیں چھین کر اُنہیں اپنے مذموم مقاصد کیلئے ملک دشمن اور تخریب کار بنانا چاہتے ہیں۔عطاء شاد ڈگری کالج اور ہاسٹل میں شرپسند عناصر بالخصوص کالعدم بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (آزاد)کے رہنماؤں نے کالج انتظامیہ ،اساتذہ اور طالب علموں کو یرغمال بنا رکھا تھااور زبردستی انکو ہم خیال اور حمایتی بناتے تھے ۔

عطاء شاد ڈگری کا لج کے ہاسٹل میں شرپسندوں نے کالعدم جنگجو تنظیموں کا میڈیا سیل قائم کیا تھااور وہاں عام طالب علموں اور اساتذہ کے داخلے پر پابندی لگا رکھی تھی۔مذکورہ کالج اور ہاسٹل کے درودیوار اور دروازوں پر ملک مخالف اور شرپسند تنظیموں کی حمایت میں وال چاکنگ کی گئی تھیں جبکہ کلاس رومز،لائبریری حتیٰ کہ سٹاف روم میں بھی کا لعدم تنظیمو ں کے کیلنڈرزاور انکے سربراہان کے پو سٹر ز چسپاں کئے گئے تھے جن کو ایف سی اہلکاروں نے وہاں سے اُتار دیا ۔

واضح رہے کہ بلو چستان کے مختلف علا قو ں میں شرپسند عناصراور بی ایس او (آزاد)کے رہنمااسکول اور کالج کی انتظامیہ اور اسا تذہ کو ڈرا دھمکا کران کو اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے مجبورکرتے تھے۔ اس سے پہلے بھی گزشتہ ہفتے فرنٹےئر کور بلوچستان نے خفیہ اطلاع پرتربت میں قائم ایک نجی انگلش لینگویج سنٹر میں کارروائی کرتے ہوئے معصوم بچوں کو پڑھائی جانی والی کثیر تعدا د میں پاکستان مخالف اشتعال انگیز لیٹریچراور دیگرتخریبی کتابی مواد بر آمد کرکے مذکورہ سنٹر کوسیل کر دیااور وہاں پر موجود بچوں کو پیسے اور کتابیں دے کر ان کوورثاء کے حوالے کرنے کیلئے تربت پولیس کے حوالے کر دیا۔

واضح رہے کہ پاکستان مخالف اشتعال انگیز تخریبی کتا بی مواد کی بلو چستان کے دور دراز علاقو ں میں موجودگی کا سبب معاشرے کامعصومانہ کردار ہے جو بغیر سوچے سمجھے چند روپو ں یا مادی ضروریات کی خاطر اشتعال انگیز تخریبی کتا بی مواد بغیرتحقیق کے چھاپتے ہیں۔جبکہ اسی طرح سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بنیا دی انسانی حقوق کی تحفظ کیلئے بہترین کام کر رہی ہیں مگر کچھ ذیلی مفادپرست ادارے شرپسند عناصر کیساتھ گٹھ جوڑ کرکے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف مسلسل پروپیگنڈہ کر رہے ہیں تاکہ معصوم اور بیگناہ لو گو ں کو اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے سیکورٹی فورسز کے خلاف بھڑکاتے رہے۔

آئی جی ایف سی میجرجنرل محمداعجاز شاہد نے فرنٹےئرکور کے اہلکاروں کی کارکردگی کوسراہتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر بچوں اور نوجوانوں کا برین واش کرکے انہیں ملک دشمن کارروائیوں میں استعمال کرنا چاہتے ہیں۔شرپسند بیرونی ایجنڈے پر عمل پیراہوکرپاکستان مخالف اشتعال انگیز لٹریچر اور تخریبی کتابی مواد بلوچستان کے دوردراز علاقوں میں پھیلا کرنوجوانوں کو شرپسند اور تخریب کار بنانا چاہتے ہیں لیکن فرنٹےئرکور بلوچستان صوبے میں شرپسندوں اور ان کے بیرونی آقاؤں کے مذموم مقاصد کو کسی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان مخالف لٹریچراور تخریبی کتا بی مواد کا تدارک ملک اور قوم کے وسیع مفاد میں ہیں لہٰذا بلو چستان کوجہالت کے اندھیروں سے نکالنے اور ایک تعلیم یافتہ معاشرے کے قیام کیلئے تمام با شعور افراد کو ذمہ داری پو ری کر نی ہو گی تاکہ ملک دشمن عنا صر اور شر پسندو ں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :