خواتین کی شکایات کے ازالے کے لیے جلد ہی ٹال فری ہیلپ لائن لانچ کی جائے گی‘ وزیر برائے ترقی خواتین پنجاب

پیر 13 جنوری 2014 15:56

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13جنوری 2014ء) وزیر برائے ترقی خواتین پنجاب حمیدہ وحید الدین نے کہا ہے کہ وویمن ایم پاورمنٹ پیکج کے تحت خواتین کے تحفظ کے لیے ٹال فری ہیلپ لائن لانچ کی جائے گی۔وہ محکمہ ترقی خواتین کے سیکرٹری آفس میں صوبائی عملدرآمد واچ کمیٹی برائے ہراسمنٹ کے اجلاس کی صدارت کررہی تھی جس میں کمیٹی کے ممبران نے بھرپور شرکت کی۔

صوبائی سیکرٹری ارم بخاری نے اجلاس کو واچ کمیٹی کے ایجنڈے اور اقدامات کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وویمن پیکج کے تحت خواتین کو ملکی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے متعلق باقاعدگی سے تمام اضلاع میں سی ای ڈی اے ڈبیلو کے تعاون سے آگاہی مہم چلائی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خواتین کو کام/ملازمت کی جگہ پر تحفظ کے لیے قانون سازی کی گئی ہے اور سی ای ڈی اے ڈبیلو کے تعاون سے ہراسمنٹ ایکٹ کے متعلق خصوصی آگاہی پوسٹر ڈیزائن کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ترقی خواتین باقاعدگی سے تمام اضلاع میں خواتین کے حقوق کے متعلق قوانین پر عملدرآمد کوباقاعدگی سے مانیٹر کررہاہے۔انہوں نے کہا کہ تمام اداروں میں کوآرڈینیشن فوکل پرسنز کے تعاون کو یقینی بنایا جارہاہے۔

انہوں نے کہا کہ خاتون صوبائی محتسب کاتقرر عمل میں لایا گیاہے اور خواتین خود کو ہراساں کرنے کے متعلق کوئی بھی شکایت محکمانہ انکوائری کمیٹی یا خاتون محتسب کو براہ راست بھیج سکتیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے متعلق آگاہی مواد نصاب میں شامل کیا جائے گا اور خواتین کے ساتھ ساتھ مردوں کو بھی خواتین کے حقوق سے متعلق قوانین کے بارے میں آگاہ کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین ہمارے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہیں جو قابل تحسین ہے۔ بعدازاں صوبائی وزیر حمیدہ وحیدالدین نے محکمانہ اجلاس کی صدارت کی اور ماہانہ محکمانہ کارکردگی کا جائزہ لیا۔

متعلقہ عنوان :