پارٹی کارکن ممبر سازی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، سکندرشیرپاؤ

پیر 13 جنوری 2014 15:55

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13جنوری 2014ء) قومی وطن پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سکندر حیات خان شیر پاوٴ نے کہاہے کہ پارٹی کارکن ممبر سازی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے تاکہ پارٹی کو نچلی سے سطح سے مزید مضبوط و موثر قوت بنایا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گاؤں شیرپاؤ میں پارٹی کی رکنیت سازی مہم کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سکندر شیرپاؤ نے پارٹی کارکنوں کو ممبرسازی کارڈ حوالہ کرکے ضلع میں مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ سکندرشیرپاؤ نے کہا کہ پارٹی کارکن ممبر سازی مہم اور پارٹی پروگرام گھر گھر پہنچانے کا سلسلہ تیز کردے تاکہ اس سلسلے کو منظم اور موثر انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کی موثر آواز بن چکی ہے اور صوبہ اور پختونوں کے حقوق و تحفظ کے حصول کیلئے ہر فورم پر جدوجہد کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت صوبہ اور عوام کے مسائل و مشکلات سے غافل ہے اوردانستہ طور پر صوبہ کو انارکی کی طرف لے جا رہی ہے ۔انھوں نے کہا کہ صوبہ میں امن و امان کی صورت حال دگرگوں ہے اغواء برائے تاوان،ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری جیسے سنگین جرائم روز کا معمول بن چکی ہیں جس کی وجہ سے عوام میں احساس محرومی اور غیر یقینی بڑھتی جا رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہوشربا مہنگائی ،بے روزگاری اور پسماندگی پر قابو پانے کیلئے صوبائی حکومت کے پاس کوئی ویژن اور پروگرام نہیں جبکہ عوام کو نان ایشوز میں الجھا کر ان کی آنکھوں میں دھول جھونک رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی خطہ میں امن کے پائیدارقیام اور پختونوں کے حقوق و تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائے گی اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے ممبران صوبائی اسمبلی خالد خان مہمند اور ارشد عمرزئی کے علاوہ ضلع چارسدہ کے تمام رہنما موجود تھے۔