خلائی راکٹ بین الااقوامی خلائی سٹیشن پر رسد لے جانے میں کامیاب ہوگیا ، خلابازوں کو تحائف بھیجے گئے

پیر 13 جنوری 2014 12:58

نیویارک (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13جنوری 2014ء)ایک خلائی راکٹ بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر رسد لے کر پہنچا ہے جس میں وہاں موجود خلا بازوں کے لیے کرسمس کے تحائف بھی شامل ہیں میڈیارپورٹ کے مطابق امریکی ریاست ورجینیا سے روانہ ہونے کے تین دن بعد امریکی خلائی ادارے او ایس سی کا مال بردار خلائی راکٹ خلائی مرکز پر پہنچا۔خلائی جہاز پر بین الاقوامی خلائی مرکز کیلئے ایک اعشاریہ دو ٹن رسد موجود ہے۔

(جاری ہے)

رسد میں ملبوسات، خوراک، اضافی پرزے، سائنسی آلات اور کرسمس کے تحائف ہیں جس کا خلا بازوں کو شدت سے انتظار تھا۔کرسمس کے تحائف میں وہاں موجود چھ خلا بازوں کیلئے تازہ پھل بھی شامل ہیں۔ خلائی راکٹ نے پروگرام کے مطابق گذشتہ سال دسمبر میں کرسمس سے پہلے روانہ ہونا تھا تاہم خلائی سٹیشن میں پہلے خرابی آنے کے بعد خراب موسم اور شدید شمسی طوفان کی وجہ سے تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔امریکن آربیٹئل کارپویشن او ایس سی کا خلائی راکٹ سِگنس نے دوسری بار خلائی سٹیشن پر رسد پہنچائی ہے اور اس نے امریکی خلائی ادارے ناسا سے ایک اعشاریہ نو ارب ڈالر کا معاہدہ کر رکھا جس کے تحت آٹھ بار خلائی سٹیشن پر سامان پہنچایا جائیگا۔