طالبان سے مذاکرات اورامن وامان کی راہ میں امریکا،بھارت رکاوٹ ہیں،دفاع پاکستان کونسل، امریکا کے افغانستان سے نکلنے کے بعد خطے میں پاکستان کو اہم کردار ملنے والا ہے،مغربی میڈیا حقائق مسخ کر کے پیش کر رہا ہے، کشمیر میں جہادپاکستان کی بقاء کا ضامن ہے، امریکا افغانستان سے انخلاء کے لئے بھارت کے ساتھ مل کر وطن عزیز کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے،دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق،حافظ سعید،حمیدگل،لیاقت بلوچ ودیگر کا سیمینار سے خطاب

اتوار 12 جنوری 2014 23:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 جنوری ۔2014ء) دفاع پاکستان کونسل نے طالبان سے مذاکرات اور ملک میں امن وامان کی راہ میں امریکا اور بھارت کورکاوٹ قراردیتے ہوئے کہاہے کہ امریکا، افغانستان میں شکست کھا چکا ہے وہ ہر صورت افغانستان سے نکل جائے گا۔ اگر غیر ملکی طاقتیں پاکستان سے نکل جائیں تو یہاں امن قائم ہو جائے گا، امریکا کے افغانستان سے نکلنے کے بعد خطے میں پاکستان کو اہم کردار ملنے والا ہے۔

مغربی میڈیا حقائق مسخ کر کے پیش کر رہا ہے ،اتوارکویہاں دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام ”ملک کو درپیش چیلنجز اور ان کا حل“ کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے کہا کہ قوم امریکی غلامی میں پھنسی ہوئی ہے، دفاع پاکستان کونسل کا ایجنڈا ملک اور قوم کو امریکی غلامی سے نکال کر اسے آزاد اور با اختیار بنانا ہے جو اپنے فیصلے کرنے میں مکمل طور پر آزاد ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مغربی طاقتیں دنیا بھر میں میڈیا کے ذریعے اپنا مذموم ایجنڈا مسلط کر رہی ہیں۔ مسلم نوجوان اور صحافی میڈیا پر مغربی ایجنڈے کا حصہ بننے کی بجائے ان کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنی صلاحیتیں صرف کریں۔ جماعت الدعوة پاکستان کے سربراہ حافظ محمد سعید نے کہا کہ امریکہ افغانستان میں روس کی طرح مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے اور اب اپنے انخلاء کے لئے بھارت کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں جہاد پاکستان کی بقاء کا ضامن ہے، جس طرح امریکہ افغانستان سے شکست کھا کر انخلاء پر مجبور ہوا ہے بالکل اسی طرح بھارت کشمیر میں جاری جہاد سے شکست کھا کر انخلاء پر مجبور ہو جائے گا۔ سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل(ر) حمید گل نے کہا کہ دنیا بھر میں مغربی جمہوری نظام ناکام اور آمریت کا نظام گر رہا ہے۔مغربی نظام نے پاکستان کو غلامی اور خونریزی کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔

اب وقت آ گیا ہے کہ دنیا بھر میں اللہ کا نظام نافذ کیا جائے ۔ جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ عالمی استعماری قوتوں نے اپنی گریٹ گیم اور ایجنڈے کو مد نظر رکھتے ہوئے اسلام اور قرآن کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی عوام جمہوری نظام سے مایوس ہو چکی ہے اور اب ایک نئے نظام کی متلاشی ہے۔ اسلام اور قر آن کا نظام ہی اس ساری تلاش کو ختم کر سکتا ہے۔