وزیر داخلہ کا مذاکرات کا جواب گولی سے دینے والوں کیخلاف جنگ کا اعلان،طالبان کے مختلف گروپس سے مذاکرات جاری ہیں ، امید ہے مثبت نتائج نکلیں گے ، چوہدری نثار علی خان ،پرویز مشرف کی صحت کا مسئلہ حقیقی تھا ، ٹریفک کے باعث پرویز مشرف کو ایمر جنسی تک لے جانے میں کافی وقت لگا ،مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست مسترد کردی ہے ،وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی میڈیا سے بات چیت

اتوار 12 جنوری 2014 20:48

وزیر داخلہ کا مذاکرات کا جواب گولی سے دینے والوں کیخلاف جنگ کا اعلان،طالبان ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 جنوری ۔2014ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے مذاکرات کا جواب گولی سے دینے والوں کے خلاف جنگ کر نے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ قیام امن کیلئے مذاکرات کی پالیسی اولین ترجیح ہے ، طالبان کے مختلف گروپس سے مذاکرات جاری ہیں ، امید ہے مثبت نتائج نکلیں گے ، نظر نہ آنے والے دشمن سے برسرپیکار ہیں ، ڈرون حملوں کا مقصد امن اور مصلحت کے عمل کو نقصان پہنچانا ہے ، قبائلی علاقوں میں فوجی کارروائی سے دہشتگردی ختم ہونے کا تاثر درست نہیں ،پاکستان کی سر زمین کو آگ اور خون کی ہولی سے پاک کر کے ہی رہیں گے ،پرویز مشرف کی صحت کا مسئلہ حقیقی تھا ، ٹریفک کے باعث پرویز مشرف کو ایمر جنسی تک لے جانے میں کافی وقت لگا ،مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست مسترد کردی ہے ،سعودی وزیر خارجہ نے پرویز مشرف کا ذکر تک نہیں کیا ، نادرا کے حسابات کی جانچ پڑتال کیلئے آڈٹ کیا جارہا ہے نادرا کا بورڈ آف ڈائریکٹر بدھ کو قائمقام چیئر مین کی تعیناتی کی منظوری دیگا ، انگوٹھوں کی تصدیق کر نے والی نادرا کی کمیٹی الیکشن کمیشن کے ساتھ کام جاری رکھے گی ۔

(جاری ہے)

اتوار کو یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہاکہ ملک میں امن کے قیام کیلئے مذاکرات کی پالیسی اولین ترجیح ہے اور پالیسی پر قائم رہیں گے انہوں نے واضح کیا کہ مذاکرات آئین پاکستان کے دائرہ میں ر ہتے ہوئے کرینگے پاکستان کے وقار کو ملحوظ خاطر رکھیں گے وزیر داخلہ نے کہاکہ مذاکرات مثبت جواب دینے والوں سے ہی ہونگے گولی سے جواب دینے والوں کے خلاف جنگ کرینگے وزیر داخلہ نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان کے سربراہ مولوی فضل اللہ اور شاہد اللہ نے مذاکرات کر نے سے انکار کر دیا ہے ہم مثبت جواب نہ دینے والوں کا تعاقب کرینگے وزیر داخلہ نے کہاکہ طالبان کے مختلف گروپس مذاکرات جاری ہیں امید ہے مثبت نتائج نکلیں گے ۔

وزیر داخلہ نے کہاکہ بیرونی طاقتوں نے اپنے مقاصد کی خاطر خطے کو نہ ختم ہونے والی جنگ میں دھکیلا ہے ہم نظر نہ آنے والے دشمن سے برسرپیکار ہیں اور یہ افراد کسی ایک جگہ پر موجود نہیں ہیں ڈرون حملوں کے حوالے سے وزیر داخلہ نے کہاکہ ڈرون حملے پاکستان کی خود مختاری کے خلاف ہیں اور ڈرون حملوں کا مقصد امن اور مصلحت کے عمل کو نقصان پہنچانا ہے ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہاکہ قبائلی علاقوں میں فوجی کارروائی سے دہشتگردی ختم ہونے کا تاثر درست نہیں ہمیں اب پاکستان کی سر زمین کو آگ اور خون کی ہولی سے پاک کر نا ہے وزیر داخلہ نے کہاکہ اسلام میں فلاح اورنیکی کا راستہ ہے گولی نہیں ہے اسلام امن اور اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے ۔

ایک اور سوال کے جوا ب میں وزیر داخلہ نے کہاکہ نادرا کے حسابات کی جانچ پڑتال کیلئے آڈٹ کیا جارہا ہے نادرا کا بورڈ آف ڈائریکٹر بدھ کو قائمقام چیئر مین کی تعیناتی کی منظوری دیگا اور پہلی دفعہ چیئر مین نادرا کا تقرر کھلے اور شفاف مسابقتی طریقے سے کیا جائیگا ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہاکہ انگوٹھوں کی تصدیق کر نے والی نادرا کی کمیٹی الیکشن کمیشن کے ساتھ کام جاری رکھے گی ۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہاکہ آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ پرویز مشرف کی صحت کا مسئلہ حقیقی تھا مشرف کی اچانک صحت کی خرابی کوئی منصوبہ بندی نہ تھی ،مشرف کی طبیعت ناسازی کے باعث روٹ تبدیل کیا گیا انہوں نے کہاکہ ٹریفک کے باعث پرویز مشرف کو ایمر جنسی تک لے جانے میں کافی وقت لگا ۔وزیر داخلہ نے کہاکہ پولیس نے پمز ، پولی کلینک اور شفاء انٹرنیشنل لے جانے کی پیشکش کی تھی تاہم پرویز مشرف نے پیشکش مسترد کرتے ہوئے اے ایف آئی سی جانے کو ترجیح دی وزیر داخلہ نے کہاکہ پرویز مشرف کی عدالت کے بجائے اے ایف آئی سی روانگی کا علم اسی وقت ہوگیا تھا اور پرویز مشرف کے اے ایف آئی سی جانے کے بعد وہاں آرمی تعینات ہوئی ۔

وزیر داخلہ نے کہاکہ پرویز مشرف کی اہلیہ صہبامشرف نے شوہر کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے درخواست دی تھی تاہم وزارت داخلہ نے ای سی ایل سے نام نکالنے سے متعلق درخواست قبول نہیں کی انہوں نے کہاکہ عدالت کی ہدایت اور ایف آئی اے کی سفارش پر نام ای سی ایل میں شامل کیا گیاایک اور سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہاکہ طاقت ایسی قوت ہیں کہ ان سے مذاکرات اور آپریشن دونوں مشکل ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں چوہدری نثار علی خان نے کہاکہ سعودی وزیر خارجہ نے پرویز مشرف کا ذکر تک نہیں کیا