پنجاب میں حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی‘ ڈاکوؤں اور لٹیروں کا راج قائم ہو چکا ہے‘ اپوزیشن لیڈر ،صوبہ میں گڈ گورنس کا نعرہ لگانے والے نااہل حکمرانوں نے صوبہ کو جرائم پیشہ لوگوں کیلئے محفوظ پناہ گناہ بنا دیا ہے‘ محمود الرشید

اتوار 12 جنوری 2014 20:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 جنوری ۔2014ء) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الر شید نے کہا ہے کہ پنجاب میں حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی‘ ڈاکوؤں اور لٹیروں کا راج قائم ہو چکا ہے‘ صوبہ میں گڈ گورنس کا نعرہ لگانے والے نااہل حکمرانوں نے صوبہ کو جرائم پیشہ لوگوں کیلئے محفوظ پناہ گناہ بنا دیا ہے‘ فوری طور پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلا کر صوبہ میں امن و امان پر بحث کروائی جائے‘ قوم نااہل حکمرانوں سے نجات کیلئے دعائیں مانگ رہی ہے۔

اتوار کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمود الرشید نے کہا کہ لاہور میں دن دیہاڑے لوگوں کو قتل کرنا معمول بن چکا ہے اور پنجاب کے دیگر شہروں میں لوگ گھروں سے نکلتے ہوئے ڈرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ والے ہر روز صوبے میں گورنس کے نعرے لگاتے ہیں لیکن ان کی عملی کارکردگی زیرو ہے اور صوبہ میں کہیں بھی حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی بلکہ پنجاب ڈاکو‘ لٹیروں اور قاتلوں کیلئے محفوظ پناہ گاہ بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جس صوبہ میں آج بھی 45 ہزار سے زائد اشتہاری ہوں وہاں پر امن کا خواب دیکھنا بھی ممکن نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران ہر لحاظ سے ناکام ہو چکے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ قوم ان نااہل حکمرانوں سے نجات کیلئے دعائیں مانگ رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :