دبئی ٹیسٹ؛ پاکستان نے سری لنکا کو جیت کے لئے 137 رنز کا ہدف دے دیا

اتوار 12 جنوری 2014 13:22

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12جنوری۔2014ء) پاکستان نے ٹیسٹ سیریزکے دوسرے میچ میں سری لنکا کو جیت کے لئے 137 رنز کا ہدف دے دیاہے۔دبئی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے آخری روز پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو اس کا اسکور 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر 330 رنز تھا، سرفراز احمد نے 70 جبکہ سعید اجمل نے 7 رنز کے ساتھ اپنی اننگز دوبارہ شروع کی، کچھ ہی دیر میں پاکستان کی آخری امید سرفراز احمد 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد سعید اجمل نے راحت علی کے مل کر 20 قیمتی رنز جوڑے اور اسکور کو 354 رنز پر پہنچایا، اس موقع پر راحت علی کو لکمل نے ٹھکانے لگایا وہ صرف 8 رنز ہی بناسکے، پاکستان کی آخری وکٹ 359 رنز پر گری اور آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سعید اجمل تھے جنہوں نے 21 رنز بنائے، اس طرح پاکستان نے سری لنکا کو ٹیسٹ میں فتح اور سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کرنے کے لئے 137 رنز کا ہدف دیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں کپتان مصباح الحق نے 97، یونس خان نے 77 جبکہ سرفراز احمد نے 74 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، سری لنکا کی جانب سے لکمل نے 4 جبکہ پرادیپ، ہیراتھ اور ایرنگا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا یہ دوسرا میچ کھیلا جارہا ہے اس سے قبل ابو ظہبی میں کھیلا گیا پہلا میچ کسی بھی نتیجے کے بغیر ختم ہوگیا تھا۔

متعلقہ عنوان :