آرٹس کونسل کراچی میں ہماری تہذیب اور ثقافت پروان چڑھتی ہے ،وزیر اعلیٰ سندھ

ہفتہ 11 جنوری 2014 17:00

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11جنوری 2014ء) وزیر اعلیٰ سندھ سیّد قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی روشنیوں اور رنگوں کا ادارہ ہے جہاں ہماری تہذیب و ثقافت پروان چڑھتی ہے ۔کسی بھی ملک کے لیے اس کی تہذیب و ثقافت ہی اس کی پہچان ہوتی ہے اور آرٹس کونسل اس پہچان کو بنانے میں ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے۔یہ بات انہوں نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے نو منتخب عہدیداران اور اراکین گورننگ باڈی کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہو ئے کہی۔

وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر آرٹس کونسل کراچی کی گرانٹ میں ایک کروڑ دس لاکھ روپے کے اضافے کا اعلان کیا جبکہ آرٹس کونسل کراچی کی بہتری اور ترقی و ترویج کے لیے مزید اہم اقدامات کرنے کا بھی یقین دلایا۔انہوں نے کہا کہ کراچی روشنیوں کا شہر تھا جس کی روشنی کچھ ماند پڑھ رہی ہے ہم اسے ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنائیں گے اور شہر میں تہذیبی اور ثقافتی سر گر میوں کو فروغ دے کر لوگوں میں عدم تحفظ کا احساس ختم کر یں گے۔

(جاری ہے)

آرٹس کونسل کراچی کے ممبران کے پلاٹوں کے سلسلے میں انہوں آرٹس کونسل کے سیکریٹری محمد احمد شاہ کے مطالبے کے جواب میں کہا کہ وہ آرٹس کونسل کے ممبران کے لیے زمین فراہم کر یں گے تاہم سپریم کورٹ کی جانب سے بعض قدغنوں کی وجہ سے یہ مسئلہ ابھی حل طلب ہے۔ آرٹس کونسل کے سیکریٹری محمد احمد شاہ نے اپنے خطبہ اسقبالیہ میں کہا کہ جس طرح اب ملک میں جمہوریت مستحکم ہو ئی ہے اسی طرح آرٹس کونسل بھی ایک ایسا اداراہ ہے جو جمہوری ادارے کی حیثیت سے توجہ کا مرکز ہے۔

یہاں جمہوری روایت کو فروغ مل رہا ہے ہمارا پینل الحمد اللہ سے ساتویں بار منتخب ہوا جو ہم اراکین پر اعتماد کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل کے پاس جو بھی وسائل ہیں وہ ان سے بڑھ کر کام کرنے کی کوشش کر رہا ہے ہم چاہتے ہیں کہ ادارہ اس ملک کی ایک بڑی مثال بنے جس کے لیے دن رات کوشاں بھی ہیں ۔انہوں نے وزیر اعلیٰ کی توجہ آرٹس کونسل سے ملحقہ فیضی رحمین گیلری کی جانب مبذول کراتے ہوئے ان سے درخواست کی کہ وہ یہ گیلری جو اب بھوت بنگلے کی شکل اختیار کر گیا ہے آرٹس کونسل کے سپرد کردیں تاکہ مزید پروجیکٹس پر کام ہو سکے اور فن و ثقافت کی ترویج اور بھی بہتر طریقے سے ہوسکے۔

آرٹس کونسل کراچی کے چیئر مین اور کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ آرٹس کونسل صحت مند جمہوری ادارے کی علامت ہے۔حالیہ انتخابات میں یہاں الیکشن کمشنر کی حیثیت سے کام کر کے اچھا لگا۔مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ میں اس ادارے سے وابستہ ہوں جو اس ملک اور شہر کا ثقافتی ورثہ ہے ۔بعد ازاں وزیر اعلیٰ سندھ نے آرٹس کونسل کراچی کے صدر پروفیسر اعجاز احمد فاروقی،نائب صدر محمود احمد خان،سیکریٹری محمد احمد شاہ،جوائنٹ سیکریٹری شہناز صدیقی،خازن ڈاکٹر ہما میر،گورننگ باڈی کے ارکان پروفیسر سحر انصاری،اطہر وقار عظیم،حسینہ معین،فاطمہ ثریا بجیا،ڈاکٹر ایس ایم قیصر سجاد،قدسیہ اکبر،سہیل احمد،محمد اقبال لطیف،فرہاد زیدی ،منور سعید اورکاشف گرامی سے حلف لیا۔

پروفیسر اعجاز احمد فاروقی نے اظہار تشکر میں ممبران آرٹس کونسل کراچی،دوست احباب اور الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہمیشہ اس ادارے کو آگے بڑھا نے میں ان کا ساتھ دیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی یہ سلسلہ یو نہی جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :