صوبے سے 100فیصد کرپشن ختم کر کے ہی دم لینگے ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک

ہفتہ 11 جنوری 2014 16:15

صوبے سے 100فیصد کرپشن ختم کر کے ہی دم لینگے ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ..

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11جنوری 2014ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبے سے کرپشن ختم کر نیکا عزم کر چکے ہیں ، 100فیصد کرپشن ختم کر کے ہی دم لینگے ، سندھ اور پنجاب نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی جھوٹی تاریخ دی ، ہمیں تاریخوں کے بجائے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی پر زور دینا ہوگا ، خیبر پختون خوا میں احتساب بل کی منظوری کے بعد کوئی بھی احتساب سے نہیں بچ سکتا ، صوبے میں رہنے وا لے لوگوں کو رشوت خوری اور کمیشن وصولی چھوڑنا ہی ہوگی ، وہ ہفتہ کو ایبٹ آباد پریس کلب کی نئی عمارت کے ا فتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے اس موقع پر تحریک انصاف کے صوبائی صدر اور سابق وفاقی وزیر اعظم خان سواتی ، صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان ،وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے مشتاق احمد غنی ، قلندر خان لودھی ، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر اظہر جدون اور مقامی رہنما بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

تقریب سے قبل ایبٹ آباد پریس کلب کے صدر راجہ محمد ہارون نے وزیر اعلیٰ کو ایبٹ آباد پریس ، مقامی صحافیوں اور اخباری صنعت سمیت محکمہ اطلاعات کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت اور سابق حکومت میں زمین آسمان کا فرق ہے ہمارے اقتدار میں آنے سے قبل صوبے میں کوئی محکمہ ٹھیک کام نہیں کررہا تھا اور کرپشن کے مرتکب سرکاری ملازمین کو کسی نے نہیں پوچھا انہوں نے کہاکہ سابق حکومتیں خود بھی کرپشن او ر کمیشن خوری کو فروغ دے رہی تھیں گیارہ مئی کے انتخابات میں عوام نے ایسے لو گوں کو مسترد کرتے ہوئے تحریک انصاف کو کامیاب کرایا وزیر اعلیٰ نے کہاکہ موجودہ حکومت نے تمام شعبوں کی کار کر دگی میں بہتری لانے کا فیصلہ کیا ہے میں چاہتا ہوں کہ اپنے اختیارات بھی عوامی سطح پر منتقل کروں تاکہ کسی سرکاری دفاتر کا طواف کر نے کی ضرورت ہی نہ رہے انہوں نے کہاکہ آئندہ سال تمام تعلیمی اداروں میں یکساں نصاب رائج کیا جائیگا جبکہ صحت کے شعبے کی زبوں حالی دور کرنے کیلئے مختلف ہسپتالوں میں ڈاکٹر وں اور نرسوں کی بھرتی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے وزیر ا علیٰ نے کہاکہ کھیلوں کے فروغ کیلئے ہر تحصیل میں گراؤنڈ بنائے جائیں گے جبکہ صوبے میں سیاحت کو بھی ترجیحی بنیادوں پر فروغ دیا جائیگا پرویز خٹک نے کہاکہ سندھ اور پنجاب نے بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کی تاریخ تو دے دی مگر اختیارات نچلی سطح تک منتقل نہیں کئے جس کے نتیجے میں ان انتخابات کے تحت قائم ہونے والی ضلعی حکومتیں بے اختیار رہیں گی انہوں نے کہاکہ خیبر پختون خوا میں ویلج کونسلوں کا فنڈ یونین کونسلوں سے بھی دس گنا بڑھانے کی حکمت عملی وضع کی گئی ہے جبکہ فنڈ کی منتقلی تحصیل ، ضلع یونین اور ویلج کونسلوں کو براہ راست ہوگی اس مقصد کیلئے صوبائی حکومت نے اپنا 30فیصد ترقیاتی فنڈ ضلعی حکومتوں کو منتقل کیا ہے جس سے عوام حقیقی معنوں میں با اختیار ہونگے وزیر اعلیٰ نے ایبٹ آباد کی میڈیا کالونی کے پی سی ون کیلئے دو کروڑ روپے کی گرانٹ ، پریس کلب کیلئے بیس لاکھ روپے ، ایبٹ آباد میں ریسیکو 1122کے قیام ، ایوب میڈیکل کمپلیکس کے نظام کو کمپیوٹرائزڈ کر نے کا اعلان کیا جبکہ محکمہ اطلاعات ایبٹ آباد کے مسائل کے حل کے حوالے سے صوبائی وزیر شاہ فرمان کو خصوصی ہدایات جاری کیں انہوں نے صحافیوں کویقین دلایا کہ تحریک انصاف کی حکومت صوبے میں تبدیلی لانے کیلئے صحافیوں سے رہنمائی لیتے ہوئے ان کو درپیش مسائل پہلی فرصت میں حل کریگی