طالبان سے مذاکرات کیلئے سیاسی وعسکری قیادت سنجیدگی کامظاہرہ کرے‘ پارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی پنجاب

ہفتہ 11 جنوری 2014 14:54

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11جنوری 2014ء) پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اخترنے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے انتخابات سے پہلے جتنے بھی وعدے قوم کے ساتھ کیے تھے ان میں سے کوئی ایک بھی پورا ہوتا نظر نہیں آرہا،ملکی ترقی،خوشحالی اور استحکام کے لئے ضروری ہے کہ مفاد عامہ میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کیا جائے، طالبان سے مذاکرات کے لئے حکومت اورعسکری قیادت سنجیدگی کامظاہرہ کرے۔

انہوں نے کہاکہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔شہروں میں12اوردیہاتوں میں16گھنٹوں کی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔دوسال میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرنے کا دعویٰ کرنے والے اب پانچ سال کی بات کررہے ہیں۔رہی سہی کسر حکومتی وزراء عوام سے جھوٹ بول کرپوری کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ملک میں توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے کالاباغ ڈیم کی تعمیر ناگزیر ہوچکی ہے۔

حکومت وقت مذکورہ ڈیم پر اتفاق رائے قائم کرے۔کالاباغ ڈیم خالصتاًقومی مفاد کا منصوبہ ہے جسے نادیدہ قوتوں نے سیاسی بنادیا ہے۔جماعت اسلامی کے رہنمانے مزید کہاکہ عوام کو روز گار مہیا کیاجاناچاہئے۔پاکستان در حقیقت مسائلستان بن چکا ہے۔وسائل سے مالامال ملک کو ناقص حکمت عملی اور63برسوں سے لوٹ مار کرنے والوں نے ترقی کی راہ پر گامزن ہی نہیں ہونے دیا۔موروثی سیاست کے باعث ایک ہی طرح کے لوگ چہروں کی تبدیلی کے ساتھ ملک و قوم کی تقدیر کے مالک بن بیٹھے ہیں۔ملک میں بلدیاتی انتخابات جلد ہونے چاہئیں۔