صحت اور اتواربازاروں میں سستی اشیاء کی فراہمی کے حوالے سے دو تحاریک التواء پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی گئیں

جمعہ 10 جنوری 2014 17:48

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10جنوری 2014ء) پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے صحت اور اتوار بازاروں میں عوام کو سستی اشیاء کی فراہمی کے حوالے سے دوتحاریک التواء پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروادیں۔صحت کے حوالے سے پیش کی جانے والی تحریک التواء میں کہاگیا ہے کہ”صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کے بنیادی فرائض میں شامل ہے۔

موجودہ سال کے پیش کردہ بجٹ میں پنجاب حکومت نے صحت سے متعلق بہت سے دعوے کئے تھے۔ بجٹ کے اعداد وشمار اور حکومتی دعوے اپنی جگہ لیکن صورتحال یہ ہے کہ ہیپا ٹائٹس ملک میں ایک وباکی صورت پھیل رہا ہے ۔ پنجاب میں رہنے والی آبادی اس حوالے سے حکومتی توجہ کی محتاج ہے۔ پنجاب کی آبادی کی فلاح کے لیے اب تک کوئی منصوبہ دیکھنے کونہیں ملا۔

(جاری ہے)

ہیپا ٹائٹس کے بنیادی علاج پر تقریباً 35ہزار روپے ماہانہ خرچ آتا ہے جو ایک عام آدمی کی دسترس سے باہر ہے ۔

حکومت کو چاہئے کہ ہر ہسپتال میں ہیپا ٹائٹس کے لیے ایک خاص مرکز مختص کرے جس میں ہیپا ٹائٹس کے مریضوں کو سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ سستا علاج بھی فراہم کیا جائے “۔دریں اثنااتوار بازاروں کے حوالے سے جمع کرائی گئی تحریک التواء میں کہا گیاکہ”اتوار بازار عوام کو سستی اشیاء کی فراہمی کا اہم ذریعہ ہیں لیکن اس وقت لاہور میں اتوار بازار میں اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں اوردکانوں پر ریٹ لسٹیں بھی آویزاں نہیں کی جاتیں ۔

درجہ دوم کی اشیاء اور دوکاندار من مانے ریٹ وصول کرتے ہیں۔ نیز ان بازاروں میں صفائی کا اہتمام نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے۔ اسی طرح یہ بازار سیکورٹی سے بھی محروم ہوتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان بازاروں میں اشیاء کی فراہمی سستے نرخوں پر ہو اور صفائی ستھرائی اور سیکورٹی کا مناسب انتظام کیا جائے“۔