سندھ کی تقسیم کی باتیں کرنیوالے اردو اور سندھی بولنے والوں کو لڑانے چاہتے ہیں، مولانا عبدالغفور حیدری

جمعہ 10 جنوری 2014 16:46

جیکب آباد( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10جنوری 2014ء) باب الاسلام سندھ کی تقسیم کی سازش کے خلاف جے یو آئی کے سینکڑوں کارکنان سڑکوں پر نکل آئے، احتجاجی مظاہرا، دھرنا ،روڈ بلاک ، ایم کیو ایم کے خلاف نعریبازی، سندھ کی تقسیم کی ہر سازش کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا عہد، ایم کیوایم پر پابندی اور الطاف حسین کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام صوبے سندھ کی اپیل پر ”تحفظ یوم باب الاسلام “ کے سلسلے میں جیکب آباد میں جے یو آئی اور جے ٹی آئی کے سینکڑوں کارکنان نے ضلع جیکب آباد کے صدر ڈاکٹر اے جی انصاری ، حافظ میر محمد بنگلانی ،مولانا عبدالجبار رند، حاجی محمد عباس بنگلانی، مولانا حامد حیدری، جے ٹی آئی کے صوبائی جنرل سیکریٹری حماداللہ انصاری ،تاج محمود امروٹی، محمد موسیٰ مہر ، بقا محمد حیدری اور دیگر کی قیادت میں الجمعیت ہاوٴس سے ایک احتجاجی جلوس نکالا ،جلوس میں سینکڑوں کی تعداد میں کارکنان اورشہریوں نے شرکت کی، مظاہرین نے ہاتھوں میں بینراور پلے کارڈ اٹھا کر شہر کے مختلف راستوں پر مارچ کیا اور ایم کیو ایم ، سندھ کی تقسیم کے خلاف نعریبازی کی ، مظاہرین نے ڈی سی چوک پر پہنچ کر دھرنا دیا جس کے باعث دو گھنٹوں تک ٹریفک معطل ہوگئی ،سندھ ترقی پسند پارٹی کے درجنوں کارکنان نے جے یو آئی کے احتجاج کی حمایت کرتے ہوعئے دلمراد لاشاری کی قیادت میں مظاہرے میں شرکت کی ،اس موقع پرجمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکریٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے مظاہرین سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی تقسیم کی باتیں کرنے والے اردو اور سندھی بولنے والوں کو لڑانے چاہتے ہیں، جے یو آئی تقسیم کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے میدان میں آئی ہے، سندھ کی سرزمین سندھیوں کی ہے جس کو تقسیم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،انہوں نے کہا کہ ملک ایک طرف بحرانوں کا شکار ہے تو دوسری جانب الطاف حسین نے ایسا بیان دے کر ملک کے خلاف بات کی ہے، انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 6ہر اس شخص پر عائد ہوتی ہے جو ملک کے خلاف ہو، انہوں نے کہا کہ سندھ کی سرزمین پر امن اور اعلیٰ ثقافت کی علامت ہے جہاں پر سازشیں کر نے والوں کو رہنے نہیں دیا جائے گااس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی کے ضلع صدر ڈاکٹر اے جی انصاری نے کہا کہ سندھ باب الاسلام ہے جس کی تقسیم کی سازش کو ناکام بنادیں گے، الطاف حسین مغرب کی ایجنڈا پر عمل پیرا ہے اور وہ سندھ سمیت ملک کو توڑنے کی بات کرکے ملک میں خانہ جنگی کی صورتحال پیدا کرنے کی سازش کررہا ہے، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے سندھ کی تقسیم کی بات کرکے ثابت کردیا ہے کہ وہ ”متحدہ قومی موومنٹ“ نہیں بلکہ ”مہاجر قومی موومنٹ“ ہے، الطاف حسین نے بیان دیکر سندھیوں کو للکارا ہے کوئی بھی غیرت مند سندھی سندھ کی تقسیم کی سازش کو برداشت نہیں کرے گا، انہوں نے کہا کہ سندھ کی وحدت کو توڑنے کی سازش کی جارہی ہے نسلی بنیادوں پر سندھ میں نفرتیں پیدا کی جارہی ہے ، انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 6کے تحت الطاف حسین ملک کا غدار ہے اگر آئین توڑنے والوں کو عدالت میں لایا جاسکتا ہے تو پھر ملک توڑنے والے کو بھی عدالت میں لایا جاسکتا ہے، مظاہرین نے مظاہرے کے دوران عہد کیا کہ وہ سندھ کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنا دیں گے اور خون کے آخری قطرے تک سندھ اور ملک کی بقا اور سالمیت کے جدوجہد کریں گے ،اس موقع پر قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ ایم کیو ایم پر فوری پابندی عائد کرکے الطاف حسین کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :