ٹاف ویلفیئر آرگنائزیشن کے وی ٹی سیز / ٹی ٹی سیز میں انسٹرکٹرز کے عہدوں کو اپ گریڈ کرنے سے متعلق ٹریبونل کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے وقت دیا جائے،وفاقی وزیر پارلیمانی امور

جمعہ 10 جنوری 2014 15:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10جنوری 2014ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے سینیٹ کو بتایا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے رقم حاصل کرنیوالوں کی تفصیلات جلد سینیٹ میں پیش کر دی جائینگی، سٹاف ویلفیئر آرگنائزیشن کے وی ٹی سیز / ٹی ٹی سیز میں انسٹرکٹرز کے عہدوں کو اپ گریڈ کرنے سے متعلق ٹریبونل کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے وقت دیا جائے۔

جمعہ کو سینیٹ کے اجلاس کے دوران وقفہ سوالات کے دوران شیخ آفتاب احمد نے بتایا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونیوالے لوگوں کی تفصیلات جلد سینیٹ میں پیش کر دی جائینگی کیونکہ یہ عوام کا پیسہ ہے اور عوام کوپتہ ہونا چاہئے کہ کن پر خرچ ہو رہا ہے ، متعلقہ حکام کو واضح کیا ہے کہ قومی خزانے سے خرچ ہونیوالے پیسے کا حساب کتاب عوام کے سامنے آنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ ایوان میں رپورٹ کے ساتھ آڈٹ رپورٹ بھی پیش کی جائیگی، انہوں نے کہا کہ سٹاف ویلفیئر آرگنائزیشن کے وی ٹی سیز / ٹی ٹی سیز میں انسٹرکٹرز کے عہدوں کو بی ایس پی 16 سے 17 میں اپ گریڈ کرنے سے متعلق فیڈرل سروس ٹریبونل کے فیصلہ آئے ہوئے دو سال ہوگئے ہیں اس پر ابھی عمل نہیں ہوا ، عملدرآمد کرانے کیلئے تھوڑا وقت دیا جائے ، انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے نے کوئی نیا طیارہ نہیں خریدا بلکہ ترکی اور جمہوریہ چیک سے دو دو طیارے لیز پر حاصل کئے گئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بڑے طیاروں کا ایندھن کا خرچ زیادہ تھا اس لئے چھوٹے طیارے لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پانچ مزید طیارے بھی لیز پر حاصل کئے جائیں گے، نئے طیاروں کی فضائی بیڑے میں شامل ہونے کے بعد اندرون ملک پروازوں کی تعداد بڑھانے کے معاملے کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اتوار بازاروں میں غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، فروخت ہونے والی اشیاء کے داموں اور معیار پر نظر رکھنے اور قانون پر عمل کرانے کے لئے ہر بازار میں انسپکٹرز، سپروائزرز اور دوسرا عملہ تعینات ہے، عوام کو ملاوٹ سے پاک اشیاء کی فراہمی یقینی بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں فارم ہاؤسز کے لئے جگہ دی گئی لیکن اب وہاں بڑے بڑے گھر بن چکے ہیں اس معاملے کی تحقیقات کے لئے کمیٹی بنائی جا سکتی ہے۔ اس موقع پر سینیٹر زاہد حسین نے کہا کہ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو بھی ایک فارم ہاؤس الاٹ کیا گیا ہے ، وفاقی وزیر بتائیں کہ انہیں اس حوالے سے کیا تجربہ تھا اور کیا ان کے فارم ہاؤس سے سبزیاں جارہی ہیں جس پر وفاقی وزیر آفتاب احمد نے کہا کہ ایک کمیٹی قائم کی جائے جس کے چیئرمین زاہد خان بن جائیں اور ہم چلے جاتے ہیں جا کر دیکھتے ہیں کہ وہاں پر کیا ہو رہا ہے اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ فارم ہاؤس سے متعلق آپ سپریم کورٹ کا فیصلہ پڑھ لیں۔

متعلقہ عنوان :