بین الاقوامی برادری کشمیریوں کو ان کا تسلیم شدہ حق خود ارادیت دلوائے‘وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعہ 10 جنوری 2014 15:03

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10جنوری 2014ء) وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے بین الاقوامی دنیا سے اپیل کہ وہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حق خودارادیت دلوائے اور بھارت کو طاقت کے ذریعے مسئلہ کشمیر حل کرنے سے باز رکھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کے حقوق غصب کرنے کے بھارتی ہتھکنڈے اقوام عالم کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے زمینی حقائق تسلیم کرتے ہوئے کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دے۔ طاقت کے ذریعے مسئلہ کشمیر حل کرنے کے تمام بھارتی ہتھکنڈے ناکام ہوں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کشمیری عوام حق خودارادیت کی منزل کے حصول تک کشمیریوں کی پرامن جدوجہد جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

حق خودارادیت کی جدوجہد میں چھ لاکھ سے زائد کشمیریوں نے لہو دیا۔

کشمیری شہداء کا لہو رائیگاں نہیں جا سکتا۔ آزادی کشمیریوں کا مقدر بن چکی ہے۔ کشمیریوں کی تحریک جلد کامیابی سے ہمکنار ہو گی۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر یہاں سیاسی و سماجی وفود سے بات چیت کر رہے تھے۔ آزاد کشمیر کے وزیر اعظم نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کی حکومت ریاست جموں و کشمیر کے عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی کامیابی تک ہر پلیٹ فارم پر اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔

وزیر اعظم نے اس موقع پر متعدد دخواستوں پر موقع پر احکامات جاری کیے اور کہا کہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی حکومت آزاد خطہ کے عوام کی معاشی خوشحالی و ترقی کیلئے جامع حکمت عملی اختیار کیے ہوئے ہے۔ تعمیر و ترقی کا جو میکانیزم حکومت نے اختیار کر رکھا ہے اس سے آزاد کشمیر کے عوام کو بلا تخصیص زندگی کی جدید سہولتیں مہیا ہو سکیں گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت آزاد کشمیر میں استحصالی کلچر کو بدل کر رکھ دے گی۔

ماضی کی پسند و ناپسند کا کلچر تبدیل کر کے آزاد کشمیر میں قانون کی حکمرانی، انصاف کی بالا دستی قائم کر کے صحیح معنوں میں گڈ گورننس قائم کرکے رہے گی۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ ہم ہوائی اعلانات پر یقین نہیں رکھتے۔ ہم نے تعمیر و ترقی کے جو سنگ میل عبور کیے ماضی کی حکومتیں وہ 66 سالوں میں نہ کر سکیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آئندہ اڑھائی سالوں کے دوران مزید میگا پراجیکٹس دیں۔ آزاد کشمیر کو خوشحال معاشرے کے ٹریک پر لے آئیں گے۔ آزاد کشمیر کے عوام نے تعمیر و ترقی کے جو خواب دیکھے ان سب کو تعبیر یں دیں گے-

متعلقہ عنوان :