آصف علی زرداری کاحکومت آزاد کشمیر کی کارکردگی پر اظہار اطمینان

جمعہ 10 جنوری 2014 15:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10جنوری 2014ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے زرداری ہاؤس میں ناشتہ کے موقع پروزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے حکومت آزادکشمیر کی کارکردگی کو سراہا اور آزاد خطہ میں پیپلزپارٹی کی حکومت کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر اطمینان کااظہار کیا پارٹی کے شریک چیئرمین نے اس موقع پروزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کی کارکردگی کوHighly Appreciate کیا۔

سابق صدر نے خصوصاً تعلیم کے شعبہ میں انقلابی اقدامات اور دیگر شعبوں میں نمایاں کارکردگی پرگہرے اطمینان کااظہار کیا۔پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کی حکومتی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ آزادکشمیر کے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لیے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں ۔

(جاری ہے)

سابق صدر پاکستان نے کہاکہ آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی کی حکومت پیپلزپارٹی کو مزید متحرک اور فعال بنانے کے لیے پارٹی کنونشن کا انعقاد کرے۔ شریک چیئرمین نے اس موقع پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بھرپور سیاسی،سفارتی و اخلاقی حمایت کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین وسابق صدر آصف علی زرداری کو دورہ آزاد کشمیر کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرتے ہوئے کہاکہ وہ جلد آزادکشمیر کا دورہ کریں گے-