چیئرمین سینیٹ کا وقفہ سوالات کے دوران وفاقی سیکرٹریز کی جانب سے سوالات کا نامکمل جواب دینے پر اظہار برہمی

جمعہ 10 جنوری 2014 15:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10جنوری 2014ء) چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری نے وقفہ سوالات کے دوران وفاقی سیکرٹریز کی جانب سے سوالات کا نامکمل جواب دینے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی سیکرٹریز پارلیمنٹ کو سنجیدہ نہیں لیتے اگر نامکمل جواب آئینگے تو کیسے کام چلے گا جبکہ حکومت نے یقین دہانی کرائی کہ اس حوالے سے تمام وفاقی سیکرٹریز کو سینیٹ کے تحفظات سے آگاہ کیا جائیگا، چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری نے نامکمل جواب دینے پر صغری امام کے ایک سوال کو موخر اور دوہری شہریت کے حامل سرکاری ملازمین کے نام عہدے اور محکمے سے متعلق سوال کو اسحقاق کمیٹی کے سپرد کر دیا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو سینیٹ کے اجلاس کے دوران سینیٹر صغری امام نے سوال کیا کہ سول سرونٹس اور ان پر انحصار کرنیوالوں پر بین الاقوامی پروگراموں سے معاوضہ یا قرض لینے پر کوئی پابندی ہے جس کا جواب نامکمل تھا وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ اس حوالے سے تازہ سوال دیدیا جائے جس پر چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ سوال پہلے ہی موجود ہے ، وزارتیں سوالات کا جواب مکمل نہیں دیتی ہیں ، پارلیمنٹ کو مکمل جواب فراہم نہیں کیا جاتا، میری کیا ہدایات تھیں جن پر عمل نہیں ہوتا میں ان سے مطمئن نہیں ہوں، وفاقی سیکرٹری سے کہا جائے کہ وہ پارلیمنٹ کو مکمل جواب فراہم کرائیں ، اس دوران قائد ایوان راجہ ظفر الحق کو یقین دہانی کرائے کہ چیئرمین سینیٹ کے تحفظات سے وفاقی سیکرٹریز کو آگاہ کیا جائیگا ، چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یہ روایات دیکھ لیں کہ وفاقی سیکرٹریز پارلیمنٹ کو اس طرح جواب دے رہے ہیں، ایک ہی سوال کے جواب میں الگ الگ موقف اختیار کئے ہوئے ہیں، اس موقع پر وفاقی وزیر آفتاب احمد نے کہا کہ حکومت نے سنجیدگی سے اس کا نوٹس لیا ہے اور تمام وفاقی سیکرٹریز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ سوالات کا مکمل جواب دیں ، اس دورا ن سینیٹر رحمن ملک نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے پاس اختیارات ہیں وہ اس معاملے کا نوٹس لے سکتے ہیں جس پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مجھے اپنے اختیارات کا پتہ ہے انہوں نے اس سوال کو آئندہ کارروائی کے روز تک موخر کر دیا بعد ازاں سینیٹر صغری امام کے دوہری شہریت کے حامل سرکاری ملازمین کے نام ، عہدے اور سروس گروپ کیا ہیں اور جن ممالک سے انہوں نے شہریت حاصل کی ہے ان کے نام کیا ہیں کے سوال کا جواب بھی نامکمل تھا جس پر چیئرمین سینیٹ نے اس سوال کو استحقاق کمیٹی کے حوالے کردیا کہ یہ رویہ درست نہیں ہے ، اگر ہر سوال پر نامکمل جواب آئیگا تو کام کیسے کرینگے، ہم عوام کے نمائندے ہیں۔

متعلقہ عنوان :