Live Updates

وفاقی حکومت خیبر پختوانخواہ میں بجلی کی پیداوار اور تقسیم کا نظام ہمیں دے سستی بجلی کی فراہمی اورچوری روک کر دکھائیں گے ‘ عمران خان،پاکستان میں طاقتور کیلئے کوئی قانون نہیں ،اطلاق صرف غریب پر ہوتا ہے ، طالبان کے تمام گروپس سے نہ سہی جتنے تیار ہیں ان سے بات کی جائے،یہاں صرف جوڑ توڑ اور نمبرز پورے کرنے کی سیاست چلتی ہے ،حقیقی عوامی اور سیاسی جماعت صرف تحریک انصاف ہے ‘ چیئرمین پی ٹی آئی

جمعرات 9 جنوری 2014 22:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 جنوری ۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت خیبر پختوانخواہ میں بجلی کی پیداوار اور تقسیم کا نظام ہمارے ہاتھ میں دے سستی بجلی کی فراہمی اور چوری روک کر دکھائیں گے ، پاکستان میں طاقتور کیلئے کوئی قانون نہیں اوراسکا اطلاق صرف غریب پر ہوتا ہے ، طالبان کے تمام گروپس سے نہ سہی جتنے تیار ہیں انکے ساتھ بات چیت کو آگے بڑھایا جائے ‘ لیپ ٹاپ دینے اور فیسٹول سے نوجوانوں کو بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا ، چوہدری اسلم جیسے پولیس افسر کی شہادت پر جتنا بھی افسوس کیا جائے وہ کم ہے۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے جمعرات کی رات شادی کی ایک تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ عمران خان نے کہا کہ مشرف کیساتھ کیا ہوگا مجھے اس کا پتہ نہیں لیکن جب تک قانون سب کے لئے ایک نہیں ہوگا اس ملک میں امن قائم ہو سکتا ہے اور نہ ہی ملک آگے بڑھ سکتے ہے ، جب تک قانون کی بالا دستی نہیں ہو گی تو اس ملک میں سرمایہ کاری بھی نہیں آئے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے پشاور میں بجلی چوری اور صوبائی وزراء کی سرپرستی کے سوال کے جواب میں کہا کہ وفاقی حکومت بتائے پیسکو کا کنٹرول کس کے پاس ہے ، وفاقی حکومت بجلی کی چوری کیوں نہیں روکتی ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بجلی کی قیمتیں بڑھاتی ہے جس سے اسکی چوری بھی بڑھ جاتی ہے ۔ہمیں خیبر پختوانخواہ میں بجلی کی پیداوار اور تقسیم سمیت سارا انتظام دیا جائے نہ صرف سستی بجلی فراہم کر کے دکھائیں گے بلکہ چوری بھی روکیں گے ۔

انہوں نے میانوالی میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے جلسے میں اساتذہ کی شرکت کے حوالے سے کہا کہ یہاں صرف جوڑ توڑ اور نمبرز پورے کرنے کی سیاست چلتی ہے ،تم کھاؤ اور ہمیں کھلاؤ کے معاملات ہیں ،اگر ملک میں کوئی حقیقی عوامی اور سیاسی جماعت ہے تو وہ پاکستان تحریک انصاف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ دینے اور یوتھ فیسٹول سے نوجوانوں کو بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا ۔

اس طرح کے اقدامات کی بجائے گراؤنڈز بنائی جائیں ،تحریک انصاف خیبر پختوانخواہ میں تحصیل کی سطح پر نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کہا کہ جب تک بلدیاتی انتخابات نہیں ہوں گے ملک میں گورننس بہتر نہیں ہو سکتی ۔ سندھ اور پنجاب میں جس طرح حلقہ بندیاں کی گئیں انہیں عدالتوں میں چیلنج کیا گیا اور عدالتوں کے فیصلے سب کے سامنے ہیں۔

خیبر پختوانخواہ میں حلقہ بندیوں پر جو کوئی اعترا ض کرتا ہے ہم اسے دور کر رہے ہیں ۔ا نہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی کہا تھاکہ خیبر پختوانخواہ میں بلدیاتی انتخابات مارچ میں کرائیں گے ، ہم اختیارات گاؤں کی سطح پرمنتقل کر رہے ہیں جبکہ بائیومیٹرک کا نظام لے کر آ رہے ہیں جس کیوجہ سے کسی کو انگلی اٹھانے کا موقع نہیں ملے گا۔ انہوں نے طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ عوام اب دہشتگردی سے تنگ آ چکے ہیں ۔ طالبان کے اگر پچاس گروپ ہیں اور سب بات چیت کے لئے راضی نہیں تو جو راضی ہیں ان سے مذاکرات کئے جائیں ۔ اگر کوئی ان مذاکرات میں مدد کرنا چاہتا ہے تو اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات