کرپشن کے نئے دروازے کھولنے کیلئے قومی اداروں کو اونے پونے فروخت کیاجارہاہے‘ جماعت اسلامی پنجاب

جمعرات 9 جنوری 2014 16:53

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9جنوری 2014ء) پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر اور سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے پی آئی اے سمیت تین اداروں ایچ ای سی اور نیشنل پاور کنسٹرکشن کمپنی کی نجکاری کی منظوری پر اپنے شدید رد عمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں کی غیر دانشمندانہ پالیسیوں کے باعث ملک مسلسل زوال کی طرف بڑھ رہا ہے ۔

کرپشن کے نئے دروازے کھولنے کے لئے حکمران طبقہ قومی اداروں کو اونے پونے داموں فروخت کرنے پر تلا ہوا ہے۔اداروں کی نجکاری سے ملکی معیشت بہتر ہونے کی بجائے مزیدزوال پذیر ہوجائے گی۔ جمہوری اداروں کے استحکام سے ہی ملک ترقی کی جانب رواں دواں ہوسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے پہلے ہی معیشت کو سہارا دینے اور مسائل حل کرنے کے نام پرچند ماہ میں اربوں روپے کا قرض لیا۔

(جاری ہے)

اس قرض سے نہ معاشی بدحالی کا سدھار ہوا ‘اور نہ مہنگائی بے روزگاری ،لوڈشیڈنگ اور گیس بحران پر قابوپایاجاسکا۔بجلی اور گیس کے بحران کی بناء پر صنعتوں کا پہیہ جام ہونے سے بے روزگاری میں دن بدن بے پناہ اضافہ ہوتاجارہاہے۔ مہنگائی اور بیروزگاری کے باعث نوجوانوں کی اکثریت بے راہ روی کا شکار ہوتی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے بھی وہی بے حسی کی روش اختیار کی ہوئی ہے جو گزشتہ حکمرانوں نے اپنے دور اقتدار میں جاری رکھی۔

حکومت کے ان7ماہ میں مہنگائی کی شرح میں اتنا اضافہ ہوا ہے کہ عوام گزشتہ تمام ادوار بھول چکے ہیں۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے مزید کہاکہ ملک کوزوال کی طرف لے جانے کی بڑی وجہ سودی معیشت ہے۔ آئی ایم ایف اور ورلڈبنک کی پالیسیوں نے ملک کو معاشی طور پر کمزوراور کھوکھلا کردیا ہے۔موجودہ حکمران ملک کے معاشی نظام میں بہتری لانے کے لئے اسلام سے متصادم پالیسیاں اپنانے سے بازآجائیں توملک ترقی کی جانب گامزن ہوسکتاہے۔