خصوصی عدالت کا سنگین غداری کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو 16جنوری کو پیش ہونے کا حکم ، میڈیکل رپورٹ سے یہ ظاہر نہیں ہوتا پرویز مشرف کو دل کا عارضہ ہے، ملزم عدالت میں پیش نہ ہوئے تو مناسب حکم جاری کریں گے ، خصوصی عدالت کا مشرف کی میڈیکل رپورٹ پر فیصلہ

جمعرات 9 جنوری 2014 15:12

خصوصی عدالت کا سنگین غداری کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو 16جنوری کو ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9جنوری 2014ء) خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو 16جنوری کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملزم عدالت میں پیش نہ ہوئے تو مناسب حکم جاری کریگی ‘ میڈیکل رپورٹ سے یہ ظاہر نہیں ہوتا کہ پرویز مشرف کو دل کا عارضہ ہے خصوصی عدالت ضابطہ فوجداری کے اطلاق سے متعلق محفوظ فیصلہ کل جمعہ کو سنائیگی جبکہ پرویز مشرف کے وکلاء پینل کے سربراہ شریف الدین پیر زادہ نے کہاہے کہ پرویز مشرف صحت یاب نہیں ہیں، کسی بیمار شخص کو عدالت میں بلانا خلاف آئین ہے۔

جمعرات کو آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس میں خصوصی عدالت نے جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

سماعت شروع ہوئی تو سابق صدر پرویز مشرف کے وکلا نے بنچ کے سامنے ملزم کی میڈیکل رپورٹ لیک ہونے کا معاملہ اٹھایا اور جوڈیشل انکوائری کی استدعا کی جس پر پراسیکیوٹر اکرم شیخ نے کہا کہ یہ رپورٹ ان کے دفتر سے لیک نہیں ہوئی ہے۔

مشرف کے وکیل انور منصور نے کہا کہ انہیں مشرف کیس سے الگ کرنے کیلئے جان کی دھمکیاں مل رہی ہیں، کراچی میں ان کے ڈرائیور پر تشدد کیا گیا، مجھے فون پر دھمکی دی گئی کہ مقدمے سے الگ ہو جاؤ ورنہ مار دیا جائے گاکراچی پولیس کو دھمکی دینے والے کا نمبر اور شکایت دیدی ہے، عدالت نے کہا کہ یہ بات برداشت نہیں کی جائیگی، وکلا کی سیکیورٹی کیلئے حکم جاری کریں گے۔

دو روزپہلے عدالت میں جمع کرائی گئی میڈیکل رپورٹس پر دلائل دیتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف کے وکلاء پینل کے سربراہ شریف الدین پیرزادہ نے کہا کہ پرویز مشرف صحت یاب نہیں ہیں، کسی بیمار شخص کو عدالت میں بلانا خلاف آئین ہے بیماری کی حالت میں کسی بھی ملزم کو شہادت کیلئے عدالت طلب کرنا تشدد کے مترادف ہے سابق صدر کو دل کا عارضہ لاحق ہے، جو شدید بیماری ہے۔شریف الدین پیر زادہ نے کہاکہ ان کے موکل کو دل کی بیماری ہے اور طبی رپورٹ میں ڈاکٹروں نے بائی پاس آپریشن کی بھی بات کی ہے۔انھوں نے کہا کہ بری فوج کے سابق سربراہ آصف نواز جنجوعہ بھی دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوئے تھے۔

متعلقہ عنوان :