ہم ابھی تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل نہیں کر سکے، وزیر اعظم، بڑا قانون توڑے تو بچ جاتا ہے لیکن چھوٹا پھنس جاتا ہے، پاکستان میں قانون کی حکمرانی یقینی بنائیں گے، نواز شریف کا بہاولپور میں نوجوانوں کیلئے قرضہ سکیم کی تقریب سے خطاب

جمعرات 9 جنوری 2014 14:04

ہم ابھی تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل نہیں کر سکے، وزیر اعظم، بڑا ..

بہاولپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9جنوری 2014ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک کے اندرونی حالات اتنے اچھے نہیں، افراتفری سابقہ حکومتوں کی وجہ سے ہے۔ گزشتہ 6 ماہ میں ہماری حکومت کا کوئی کرپشن سکینڈل سامنے نہیں آیا اور نہ ہی آئے گا۔ بجلی کے مسئلے پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ گڈانی میں بجلی پیدا کرنے کے 10 کارخانے لگائیں گے۔

بہاولپور میں نوجوانوں کیلئے قرضہ سکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ یوتھ لون سکیم کیلئے 100 ارب روپے کا انتظام کرنا کوئی معمولی بات نہیں ہے۔ حکومت کے پاس پیسے نہیں اس کے باوجود زبردستی یوتھ لون سکیم کیلئے کام کیا۔ امریکا، برطانیہ اور چین کی معیشت میں نوجوانوں کا اہم کردار ہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی نوجوانوں کو بینکوں میں صنعتکاروں کی طرح خوش آمدید کہا جائے گا۔

تقریب سے خطاب میں وزیراعظم محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں افراتفری سابقہ حکومتوں کی طرف سے ہے۔ گزشتہ 5 سالوں کے مسائل کندھوں پر آن پڑے ہیں۔ آج ملک میں دہشتگردی اور عسکریت پسندی ہے۔ دہشتگردی راتوں رات پیدا نہیں ہوئی یہ برسوں کی غلطیوں کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 1990ء کی دہائی میں بھارت کے ساتھ برابر کی چوٹ پر تھے۔ ہماری اقتصادی ترقی بھارت سے تیز تھی۔

ہمارا روپیہ 90ء کی دہائی میں بھارت سے زیادہ مستحکم تھا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کے 6 ماہ میں بجلی کی صورتحال ماضی سے بہتر ہوئی ہے لیکن سچ بولنا چاہیے ہم ابھی تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل نہیں کر سکے ہیں۔ پاکستان میں جاری توانائی بحران پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ بڑا قانون توڑے تو بچ جاتا ہے لیکن چھوٹا پھنس جاتا ہے۔ پاکستان میں قانون کی حکمرانی یقینی بنائیں گے۔