فلم انڈسٹری کے معروف اداکار سلطان راہی کی اٹھارویں برسی منائی گئی

جمعرات 9 جنوری 2014 13:58

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9جنوری 2014ء) پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف اداکار سلطان راہی کی اٹھارویں برسی منائی گئی ۔ اس دن کی مناسبت سے انکے اہل خانہ کی طرف سے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا جبکہ شوبز سے تعلق رکھنے والے افراد ،نگار خانوں کی انتظامیہ اور مرحوم کے مداحوں نے بھی خصوصی تعزیتی تقریبات کا اہتمام کیا ۔

سلطان محمد المعروف سلطان راہی 1938 ء میں بھار ت کے شہر سہارن پور میں پیدا ہوئے اور پیدائش کے بعد انکا خاندان قیام پاکستان کے وقت پاکستان منتقل ہوگیا ۔انہوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز 1956ء میں فلم ”باغی “سے کیا۔ انہوں نے کیرئیر کے آغاز میں متعدد فلموں میں ثانوی کردار اداکیے تاہم اپنی محنت اورصلاحیتوں کی بدولت انہوں نے 15برس تک فلم انڈسٹر ی پرراج کیا ۔

(جاری ہے)

ان کی پہلی جوڑی آسیہ ،دوسری انجمن اور آخری صائمہ کے ساتھ بنی ۔انہوں نے 700سے زائد فلموں میں کام کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا اور انہیں بہترین کارکردگی پر 150ایوارڈسے نوازاگیا ۔ان کی یادگا ر فلموں میں مولاجٹ ،شیرخان ،سالاصاحب ،چن وریام ،اتھراپتر ،وحشی جٹ ،شعلے ،آخری جنگ ،ظلم دا بدلہ ،اتھر ا پتر ،چن وریام ،جرنیل سنگھ اور دیگر شامل ہیں۔

سلطان راہی کے قتل کے وقت بھی ان کی 54فلمیں زیر تکمیل تھیں۔ سلطان راہی کا قتل پنجابی فلم انڈسٹری کیلئے زوال کا پیش خیمہ ثابت ہوا اور ان کی کمی آج تک پوری نہیں ہو سکی۔ سلطان راہی مرحوم 9جنوری 1996ء کو اسلا م آباد سے لاہور آتے ہوئے گوجرانوالہ میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں قتل ہوگئے تھے۔ انکی برسی کے سلسلہ میں الیکٹرانک میڈیا پر خصوصی پروگرام نشر کئے گئے ۔

متعلقہ عنوان :