پیپلز پارٹی کا ایجنڈا عوام کی خدمت اور ان کے معیا ر زندگی میں بہتری لانا ہے،وزیرزراعت

جمعرات 9 جنوری 2014 13:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9جنوری 2014ء) آزادجموں و کشمیر کے وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ کشمیریوں کا قلبی رشتہ ہے ،عو امی حکومت نے وسائل کا رخ غریب عوام کی طرف موڑ دیا ہے۔پیپلز پارٹی کا ایجنڈا عوام کی خدمت اور ان کے معیار زندگی میں بہتری لانا ہے۔اس وقت آزادکشمیر میں ریکارڈ ترقیاتی کام جاری ہیں۔

سدھنوتی سے پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار مدثر عباسی ،رزاق عباسی ،ماجد عباسی اور شاکر عباسی کی جانب سے بہارہ کہو میں دئیے گئے ایک استقبالئے سے خطاب کرتے ہوے کیا ۔سید بازل علی نقوی نے کہا کہ عوامی حکومت نے غربت اور بیروزگاری کے خاتمے کے لئے ٹھوس حکمت عملی مرتب کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے خودروزگار سکیم شروع کی جا رہی ہے جس کے لئے وزیر اعظم چوہدری عبد المجید نے خصوصی ہدایت کی ہے۔

اس کے تحت نوجوانوں کے لئے گرین سکیم کے علاوہ انہیں کاروبار کے لئے قرضے بھی دیئے جایئں گے۔انہوں نے کہا اس بجٹ میں جوا قدامات کئے گئے وہ شاندار نتائج کے حامل ہیں جن سے ترقیاتی انقلاب آیاہے۔ سید بازل علی نقوی نے کہا میڈیکل کالج کشمیری عوام کو ایک خواب لگتا تھا جسے ہماری حکومت نے شرمندہ تعبیر کیا ۔انہوں نے کہا ہماری حکومت نے دس ہزار اسامیاں تخلیق کیں ۔

انہوں نے کہا وزیر اعظم مہاجرین کے لئے بھی خصوصی سہولتوں کا اعلان کیا جس کے تحت انہیں زندگی کی بنیادی سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے تمام اضلاع کو ایک اکائی قرار دیا ہے اور سب میں مساوی ترقیاتی کام کئے جائیں گے ۔سید بازل علی نقوی نے کہا کہ کچھ عناصر کو جلد اپنی اوقات کا پتہ چل جائیگا سدھنوتی میں پی پی پی کے امیدوار نہ صرف بھاری اکثریت سے منتخب ہوں گے بلکہ مخالف امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہو جائیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ میرا تعلق انتہائی گہرا ہے اور میں اپنے لوگوں سے انتہائی محبت کرنے والا شخص ہوں یہی وجہ ہے کہ میرے دروازے میرے لوگوں کے لئے ہمہ وقت کھلے رہتے ہیں ۔انہوں نے کہا ہم عوامی لوگ ہیں کسی قسم کا پروٹوکول ہمیں عوام سے دور نہیں کر سکتا ۔اقتدار اللہ تعالی کی خاص عنایت اور لوگوں کا اعتماد ہوتا ہے جس کے دوران میری پوری کوشش ہے کہ عوام کے کام آوں ۔

اس موقع پر مدثر عباسی نے کہا کہ وزیر حکومت کے ساتھ ہمارا بڑا پرانا تعلق ہے وہ صحیح معنوں میں عوام کے نمائندے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مظفر آباد میں ہر نوجوان وزیرزراعت کا دیوانہ ہے اور اس کی وجہ ہے وزیر حکومت کا اعلی اخلاق اور ہر وقت لوگوں کے دکھ درد میں شریک ہونا ۔انہوں نے کہا کہ ہم سید بازل علی نقوی کو نئی وزارت کا قلمدان ملنے پر دل کی اتہاہ گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتے ہیں اور توقع ہے کہ وہ پہلے سے بھی بڑھ کر عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔اس سے پہلے جب وزیرزراعت و لائیو سٹاک استقبالئے میں پہنچے تو جیالوں نے ان کا بھرپور استقبال کیا ۔

متعلقہ عنوان :