ٹونی ہل نے آئی سی سی امپائرز کے ایلیٹ پینل سے استعفیٰ دے دیا

جمعرات 9 جنوری 2014 12:16

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9جنوری 2014ء) عالمی شہرت یافتہ امپائرٹونی ہل نے آئی سی سی امپائرز کے ایلیٹ پینل سے استعفیٰ دے دیا، جلد نیوزی لینڈ کرکٹ امپائر کوچ کا عہدہ سنبھالیں گے۔آکلینڈ سے تعلق رکھنے والے 62 سالہ امپائر ٹونی ہل نے 11 سال آئی سی سی انٹرنیشنل پینل میں خدمات انجام دیں، انھیں 2009 میں ایلیٹ پینل میں ترقی دے دی گئی۔

(جاری ہے)

ٹونی ہل نے 1998 میں نیوزی لینڈ اور زمبابوے کے درمیان نیپیئر میں ہونے والے ون ڈے سیریز سے انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھا اور اپنے 15 سالہ کیریر کے دوران 40 ٹی ٹوئنٹی، 96 ون ڈے اور 17 ٹی ٹوئنٹی میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیے۔ انھوں نے 2007 اور 2001 کے عالمی کپ، 2009 اور 2013 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اور 2007، 2009، 2010 اور 2012 کے عالمی ٹی ٹوئنٹی میں امپائرنگ کی۔اپنے کیریئرکے آخری دنوں میں ٹونی ہل نے سڈنی میں ہونے والے ایشز ٹیسٹ میں تھرڈ امپائر کے طور پر ذمے داریاں نبھائیں۔آئی سی سی امپائرز اینڈ ریفریز منیجر ونس وین ڈر بجل نے ٹونی ہل کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :