سینٹ اجلاس ، ایم کیوایم ، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)کے رہنماؤں کے درمیان مشرف معاملہ پر سخت جملوں کا تبادلہ ، مشرف کو مہاجر ہونے پر ٹارگٹ کیا جارہا ہے ، حقوق نہیں دیئے جائینگے تو نئے صوبے سے بات بڑھ کر نئے ملک تک چلی جائیگی ، بنگلہ دیش جیسا ملک وجود میں آئیگا ،نسرین جلیل ، ڈاکٹرقدیربھی مہاجرہیں، ناجائزسزادی گئی توالطاف حسین کیوں نہ بولے، الطاف حسین کو مہاجر سے اتنی ہی محبت ہے تو جرائم سے کیوں نہیں روکا؟ ،مشاہد اللہ خان ،سندھ میں رہنے والے سب سندھی ہیں کوئی مہاجر نہیں ، پیپلز پارٹی کے رہنما عاجز دھامرا کا سینٹ میں اظہار خیال

بدھ 8 جنوری 2014 22:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 جنوری ۔2014ء) ایم کیو ایم کی رہنما سینیٹر نسرین جلیل نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کو مہاجر ہونے پر ٹارگٹ کیا جارہا ہے ، حقوق نہیں دیئے جائینگے تو نئے صوبے سے بات بڑھ کر نئے ملک تک چلی جائیگی ، بنگلہ دیش جیسا ملک وجود میں آئیگاجبکہ مسلم لیگ (ن)کے رہنما سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ ڈاکٹرقدیربھی مہاجرہیں، ناجائزسزادی گئی توالطاف حسین کیوں نہ بولے، الطاف حسین کو مہاجر سے اتنی ہی محبت ہے تو جرائم سے کیوں نہیں روکا؟۔

بدھ کو سینیٹ میں آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر پرویز مشرف کے معاملے پر ایم کیو ایم ، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن )کے اراکین میں سخت جملوں کا تبادلہ ہوا ۔نیئر حسین بخاری کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں نقطہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے ایم کیو ایم کی سینیٹر نسرین جلیل نے کہا کہ الطاف حسین نے تو صرف آئینہ دکھایا تھا جس کا اتنا برا منایا جا رہا ہے جب حقوق نہیں دیئے جائیں گے تو نئے صوبے سے بات بڑھ کر نئے ملک تک چلی جائے گی اور بنگلہ دیش جیسا ملک وجود میں آئے گا۔

(جاری ہے)

متحدہ قومی موومنٹ کی خاتون سینیٹرنسرین جلیل نے کہا کہ پرویزمشرف کواس لیے ٹارگٹ کیا جا رہا ہے کہ وہ مہاجر ہیں اس پر پیپلز پارٹی کے عاجز دھامرا نے موقف اختیار کیا کہ سندھ میں رہنے والے سب سندھی ہیں کوئی مہاجر نہیں 65سالوں میں تیسری نسل آچکی ہے مگر نہ جانے کچھ لوگ اج بھی خود کو کیوں مہاجر کہتے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا کہ یہ ملک صرف پاکستانیوں کیلئے بنا تھا مگر ہم تقسیم در تقسیم ہوتے جا رہے ہیں اب تو نوبت یہاں تک آگئی ہے کہ اب جرنل بھی سندھی ، پنجابی اور مہاجر کہلانے لگے ہیں۔

مشاہد اللہ خا ن نے کہاکہ الطاف حسین کو مہاجر سے اتنی ہی محبت ہے تو اسے جرائم سے کیوں نہیں روکا؟ لال مسجد آپریشن اور بگٹی کا قتل کرتے وقت اسے کیوں نہیں روکا کم از کم بارہ اکتوبر کا واقعہ تو روکا جا سکتا تھا۔ سینیٹر مشاہد اللہ خا ن نے کہاکہ ڈاکٹرقدیربھی مہاجرہیں، ناجائزسزادی گئی توالطاف حسین کیوں نہ بولے،مشرف کوسزا دینے کی بات آئی تو الطاف حسین نے مہاجر بھائی قرار دے دیا۔مشاہد اللہ نے کہاکہ مہاجروں سے اتنی محبت ہے تو مشرف کو تب روکتے جب وہ آئین شکنی کر رہے تھے۔