جی ایس پی پلس کی بدولت ملک کے صنعتی شعبے کو نئی زندگی ملی ہے ،ملکی صنعت خصوصاً ٹیکسٹائل کے شعبے کو بڑا فروغ ملے گا ‘ گورنر پنجاب ،روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ ہوگا، جی ایس پی پلس کا اعزاز ملنے کی وجہ سے ابتدائی طور پر ملک میں2 ارب ڈالر سرمایہ کاری ہو رہی ہے ،حکومتی اقدامات کی بدولت گیس ،بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اگست کے مہینہ تک کافی کمی ہوجائے گی ‘ چوہدری محمد سرور کا گوجرانوالہ میں خطاب

بدھ 8 جنوری 2014 21:32

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 جنوری ۔2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ جی ایس پی پلس کی بدولت ملک کے صنعتی شعبے کو نئی زندگی ملی ہے اور اس حیثیت کے حصول سے ملکی صنعت خصوصاً ٹیکسٹائل کے شعبے کو بڑا فروغ ملے گا جس کی بدولت روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ ہوگا، جی ایس پی پلس کا اعزاز ملنے کی وجہ سے ابتدائی طور پر ملک میں2 ارب ڈالر سرمایہ کاری ہو رہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپر ایشیاء فیکٹری کے دورہ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر سپر ایشیاء کے چوہدری سہیل یوسف نے ان کو سپر ایشیاء کی مصنوعات اور کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ ایک عیاں حقیقت ہے کہ ملک کو توانائی کے بحران کا سامنا ہے مگر حکومت نے اس کے باوجود صنعتوں کو ہفتہ میں دو دن گیس کی فراہمی کی اجازت دی ہے جس کے نتیجے میں ملک میں دو ارب ڈالر کی برآمدی اشیاء تیار ہونگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گذشتہ حکومت نے تین ماہ صنعتوں کو گیس بند رکھی تھی جس سے معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ انہو ں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اگست کے مہینہ تک کافی کمی ہوجائے گی اور بتدریج اس مسئلہ پر قابو پا لیا جائے گا۔گورنر پنجاب نے کہاکہ صنعتی شعبہ بیروزگاری کے خاتمہ کے لئے بڑا مثبت کردار ادا کررہا ہے اور خصوصاً نوجوان صنعتکار بڑے جذبے سے کام کررہے ہیں جس سے امید کی جاسکتی ہے کہ جی ایس پی پلس کا سٹیٹس ملنے سے جو مواقع تجارت کے فروغ کے حاصل ہونگے وہ ان سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے کیونکہ اس رعایت کی بدولت پاکستانی مصنوعات کو 27 ملکوں کی مارکیٹ میں فروخت کے لئے بھیجا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہر بڑا بزنس پہلے چھوٹا ہی ہوتاہے جب یہ ایک بڑے ادارے کی شکل اختیار کرتا ہے تو یہ کمیونٹی کا کاروبار بن جاتاہے کیونکہ اس سے ہزاروں خاندانوں کا روزگار وابستہ ہو جاتاہے۔ انہوں نے صاف پانی کی فراہمی بارے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فلٹریشن پلانٹس کی حکومت اور این جی اوز کی طرف سے بڑی تعداد میں تنصیب کے باوجود لوگو ں کو پینے کا صاف پانی نہیں مل رہا یہاں تک کہ گورنر ہاؤس میں نصب شدہ واٹرفلٹریشن پلانٹ کا پانی بھی ناقص تھا۔

انہوں نے کہا کہ فلٹریشن پلانٹ کو مفید اور موثر بنانے کے لئے ضروری ہے کہ اعلی معیار کے فلٹر پلانٹ لگائے جائیں اور اس سلسلہ میں یورپی ٹیکنالوجی بڑی نتیجہ خیز ثابت ہوتی ہے اور یورپی ٹیکنالوجی کے بنے ہوئے فلٹریشن پلانٹ بڑے معیاری ثابت ہوتے ہیں۔ اس موقع پر گورنر پنجاب کو بتایاگیا کہ سپر ایشیاء گروپ گھریلو استعمال کی الیکٹرونکس اشیاء عالمی معیار کے مطابق تیار کررہا ہے ان میں واشنگ مشین‘ ائر کنڈیشنر‘ موٹر سائیکل‘ آٹو رکشہ اوردیگر گھریلو اشیاء شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس ادارے کی اشیاء عالمی معیار کی ہیں جنہیں بیرون ممالک بھی برآمد کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب کو بتایاگیا کہ یہ ادارہ عوامی فلاح کے لئے بھی کام کررہا ہے اس کے زیر اہتمام ایک فری ہسپتال پاکستان لیور فاؤنڈیشن اور سیڈ پاکستان جیسے عوامی فلاحی ادارے کام کررہے ہیں۔ بعدازاں گورنر پنجاب نے ایوان صنعت و تجارت کے عہدیداران و اراکین سے خطاب کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ صنعتکار ملک و قوم کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں بجلی او ر گیس کی کمی کے باوجود وہ پوری محنت سے ملکی معیشت کو سنبھالا دیئے ہو ئے ہیں ان کو درپیش مسائل وزیر اعظم پاکستان ‘ وزیر اعلی پنجاب او وزیر خزانہ کے نوٹس میاں لائیے جائیں گے اس موقع پر انہوں نے کہاکہ جی ایس پی پلس کی کامیابی ہمارے ملک کے لئے ایک بڑا اعزاز ہے جبکہ ٹیکسٹائل سے وابستہ صنعتکاروں کو بھی اپنی مصنو عات یورپی ممالک او رامریکہ میں بھجوانے میں آسانی میسر آئے گی۔

جس سے ملک کو زر مبادلہ حاصل ہو گا۔ انہوں نے صنعتکاروں پر زور دیا کہ وہ قوم کو بیماریوں سے نکالنے کے لئے صاف پانی کے پلانٹس لگانے میں حکومت کا ساتھ دیں کیونکہ ہمارے شہری اور دیہی علاقو ں میں گندہ پانی پینے سے بہت سی بیماریاں پھیل رہی ہیں جن کی روک تھام کیلئے ضروری ہے کہ تعلیمی اداروں اور کچی آبادیوں میں پینے کے صاف پانی کے پلانٹس نصب کئے جائیں انہوں نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب نے صوبہ میں صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ شروع کرنے پر اور ان کی تکمیل کیلئے 10 ۔

ارب روپے مختص کر رکھیں ہیں اس موقع پر صدر چیمبر آف کامرس نعمان صلاح الدین نے بھی خطاب کیا اور صنعتکاروں کو درپیش مسائل سے گورنر کو آ گاہ کیا۔ قبل ازیں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے گفٹ یونیورسٹی گوجر انوالہ کے چوتھے کانووکیشن کے موقع پر خطا ب کرتے ہو ئے کہا ہے کہ ملک کو اس وقت جن بڑے چیلنجز کا سامنا ہے ان سے عہدہ برآ ہونے کے لئے نوجوان نسل کو جدید تعلیم اور سائنس و ٹیکنالوجی سے پوری طرح آراستہ کرناہو گا۔

ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہر شعبہ زندگی کے با صلاحیت افراد اور خصو صًا اعلی تعلیم یافتہ نوجوانوں کو آگے آنا ہو گا صرف یہی ایک راستہ ہے کہ ہم بین الاقو امی سطح پر اپنی شناخت ایک مضبوط قوم کی حیثیت سے کرا سکتے ہیں۔ وہ آج گوجرانوالہ کے د ورہ کے موقع پر گفٹ یونیورسٹی کے طلباء و طالبات سے خطاب کر رہے تھے۔ کانووکیشن کے دوران انہوں نے ایم اے ‘ ایم ایس سی ‘ بی اے اور بی ایس سی و دیگر مختلف شعبوں میں نمایاں پوزیشن کے حامل طلباء و طالبات میں میڈل و سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔

گفٹ یونیورسٹی کے چیئرمین محمد انور ڈار ‘ ریکٹر ڈاکٹر قیصر شہر یار درانی‘ ڈائریکٹر ندیم اختر جنجوعہ بھی تقریب میں شریک تھے۔ گورنر پنجاب چو دھری محمد سرور نے کہاکہ طلباء و طالبات کی متاثرکن کارکردگی سے جہاں اداروں اور والدین کا نام روشن ہو تا ہے وہاں ملک میں تعلیم یافتہ کھیپ بھی تیار ہو جاتی ہے جس سے ترقی کے راستے مزید واضع ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی د نیا میں طالبات محنت اور لگن سے اپنی صلاحیتوں کالو ہا منوا رہی ہیں جو طالبعلمو ں کے لئے ایک مشعل راہ ہے ۔ انہو ں نے طلباء و طالبات سے مخاطب ہو تے ہو ئے کہا کہ ڈگری لینا اور عملی زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنا آپ منوانا دوختلف کام ہے کیونکہ عملی زندگی میں زیادہ مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتاہے جس پر قابو پانے کے لئے حوصلے اور لگن جیسی صلاحیتوں کی مزید ضرور ت پڑتی ہے انہوں نے کہا کہ کسی بھی شعبے میں اعزازات یا عہدے حاصل کر نے لینے سے انسان وہ مقام نہیں پا سکتا جو اپنے سے کم رتبہ والے لوگوں کی خدمت کرنے سے حاصل کر لیتا ہے۔

انہو ں نے کہا کہ آج اس امر کی ضرورت ہے کہ معاشرے کی ہر سطح پر قانو ن و انصاف اور حق و صداقت کا بول بالا کیا جائے اور دیانتداری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائی جائیں تاکہ پاکستان کو مسائل سے نکال کر تر قی کی راہ پر گازن کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات جس شعبے میں بھی جائیں وہاں محنت شاقہ کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنالیں تو مایوسیاں پیچھا نہیں کر سکیں گی۔

گورنر نے کہاکہ گفٹ یونیورسٹی جیسے ادارے معیاری و جدید تعلیم کے فروغ کے لئے کو شاں ہیں ملک کو مختلف بحرانوں سے نکالنے کیلئے ایسے ہی عزم و ہمت کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے پوزیشن ہولڈرز طلبا وطالبات کو گولڈاینڈ سلور میڈلز تقسیم کئے تقریب سے ریکٹر ڈاکٹر پروفسیر قیصر شہر یار درانی‘ چیئرمین گفٹ یونیورسٹی محمد انور ڈار نے بھی خطاب کیا۔

گوجرانوالہ دورے کے دوران گورنر پنجاب نے صدیق صادق ہسپتال کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو شیخ نسیم نے گورنرپنجاب کا استقبال کیا۔ گورنرپنجاب نے ایمرجنسی وارڈ اور جنرل وارڈ کا معائنہ کیا اور مریضوں کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے ہسپتال کے ڈائلیسز وارڈ کا افتتاح بھی کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ انہیں صدیق صادق ہسپتال کا معیار دیکھ کر بڑی خوشی ہوئی ہے اور یہ امر خوش آئند ہے کہ یہ ہسپتال دل کے مریضوں کو علاج معالجہ کی مکمل سہولتیں فراہم کررہا ہے اور ہسپتال میں کارڈیک سرجری کا بھی انتظام کیاگیا ہے جو اس شہر کے لوگوں کے لئے بہت بڑی سہولت ہے۔