صدر سے گلگت بلتستان کابینہ کے ارکان کے وفد اور اے پی او کے سیکرٹری جنرل کی علیحدہ علیحدہ ملاقات ، گلگت بلتستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے ،عوام کی فلاح وبہبود کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے ،صدر ممنون حسین

بدھ 8 جنوری 2014 21:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 جنوری ۔2014ء) صدرمملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے ،عوام کی فلاح وبہبود کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ وہ بدھ کو وزیراعلی سید مہدی شاہ کی زیرقیادت گلگت بلتستان کی کابینہ کے ارکان کے وفد کے ساتھ گفتگوکررہے تھے جنہوں نے بدھ کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں گلگت بلتستان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ وفد میں محمد جعفر، محمدعلی اختر، ڈاکٹر علی مدد شیر، محمد اسماعیل، بشیر احمد خان، حاجی گل بار خان، محمد نصیر خان، راجہ محمد اعظم خان، دیدار علی، شیخ نثارحسین، آفتاب احمد اور محمد علی شامل تھے۔ اس موقع پر کشمیر اور گلگت بلتستان کے وفاقی وزیر چوہدری محمد برجیس طاہر بھی موجود تھے گلگت بلتستان کے وزیراعلی سید مہدی شاہ نے صدرمملکت کو گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں اور حکومت کی جانب سے خطے کی عوام کی فلاح وبہبود اور معیارزندگی بلند کرنے کے لئے اقدامات کے حوالہ سے تفصیلی طورپر آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وفد نے گلگت بلتستان کی ترقی کے حوالے سے صدرمملکت کی گہری دلچسپی کو سراہا اور وفاقی حکومت کی جانب سے شمالی علاقہ جات کی ترقی کے لئے اٹھائے گئے مختلف اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا۔بعد ازاں اے پی او کے سیکریٹری جنرل ماری امانو نے صدر مملکت سے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدرمملکت نے پیداواری، صنعتی خدمات، پبلک اگریکلچر، توانائی کے باکفایت استعمال، سماجی اور تحقیق کے شعبہ میں ”اے پی او“ کے کردار کو سراہا۔

ماری امانو نے صدرمملکت کو جاپانی تنظیم ”اے پی او“ کی مختلف سرگرمیوں، منصوبوں، مقاصد اور پاکستان میں اقتصادی اور پیداواری شعبوں کی ترقی کے لئے کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ”اے پی او“ 1961ء میں قائم ہوئی اور 20ممالک اس کے رکن ہیں۔ یہ ادارہ خطے میں بین الحکومتی نوعیت کی تنظیم ہے۔ تنظیم کے مقاصد میں باہمی تعاون کے ذریعے ایشیاء پسیفک خطہ میں تمام اقتصادی شعبہ جات کی پیداوار میں اضافہ سے سماجی واقتصادی بہتری لانا ہے تاکہ ”اے پی او“ کے رکن ممالک میں زیادہ مسابقت اور پیداوار ہو۔

ماری امانو نے صدرمملکت کو یقین دلایا کہ پاکستان کی قومی پیدواری تنظیم (این پی او) کے اشتراک سے ”اے پی او“ پاکستان کے مختلف اقتصادی شعبہ جات کی مضبوطی اور پیدوارکے فروغ کے لئے اپنا فعال کردار اداکرتی رہے گی۔

متعلقہ عنوان :