صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید سے ترکی کی کمپنیوں البراک اور لینڈ فورس کے نمائیدہ وفد کی ملاقات،وفد نے وزیر زراعت کو رواں ماہ ترکی میں ہونیوالی زرعی نمائش میں شرکت کی دعوت ،زرعی شعبے مین ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی ،زرعی پیداوار میں اضافے کیلئے ترکی کے جدید زرعی آلات سے ہر ممکن استفادہ کریں گے‘ صوبائی وزیر ڈاکٹر فرخ جاوید کی وفد سے گفتگو

بدھ 8 جنوری 2014 21:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 جنوری ۔2014ء) ترکی کی جدید مشینری کے استعمال سے زرعی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے،ترکی کی فرٹلائیزر سپریڈر اور مکسر کے استعمال سے پیداوار میں پانچ گنا تک اضافہ دیکھا گیا ہے، زرعی آلات میں ترکی کی ترقی سے فائدہ اٹھائیں گے، ترکی کی مشینری کم قیمت اور پائیدار ہے جس کی جوائینٹ وینچر کے زریعے پاکستان میں تیاری ممکن بنائیں گے، ترکی کے تعاون سے پاکستان کی زرعی پیداوار میں اضافہ ہو گا جس سے نہ صرف ملکی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ برآمدات میں بھی اضافہ ہو گا، ترکی پاکستان کو اپنا ہمدرد اور دوست ملک تصور کرتا ہے اور اس کی زرعی ترقی کا خواہش مند ہے۔

ان خیالات کا اظہارصوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے ترکی کی کمپنیوں لینڈ فورس اور البراک کے نمائیندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

ترکی سے آئے وفد میں البراک کے جنرل کوآرڈینیٹر بنیامین کراکا، لینڈ فورس کے چئیرمین بورڈ آف ڈائریکٹر جواد کیر اور عبیدالرحمن شامل تھے۔زراعت ہاوٴس میں ہونے والی ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع )ڈاکٹر انجم علی اور ڈائریکٹر جنرل زراعت (فیلڈ )ڈاکٹر محمد بشیر کے علاوہ زرعی انجینئرز نے وزیر زراعت کی معاونت کی۔

وزیرزراعت سے ملاقات میں لینڈ فورس کے چیف ایگریکٹیو نے بتایا کہ ترکی کے کاشتکار Spreaderمشین کے ذریعے اپنی زرعی پیداوار میں پانچ گنا تک اضافہ کر رہے ہیں۔ یہ مشین کھاد اور بیج کھیت میں متوازن پھیلاتی ہے جس سے مجموعی پیداوار میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ترکی چائے ، زیتون اور بادام کی برآمد میں پہلے نمبر پر ہے جبکہ گندم، چاول، چنا اور گنے کی پیداوار میں بھی روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے Fodder MIxer & Spreaderکے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے کسان کو تمام مطلوبہ عناصر درست مقدار میں حاصل ہوتے ہیں جس سے دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ ہو ا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ترکی کی حکومت کاشتکاروں کو زرعی آلات پر 60فیصد رعایت دیتی ہے ۔ اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب نے ترکی کی زرعی آلات میں ترقی کو سراہتے ہوئے اسے پاکستان میں Joint Ventureکے ذریعے متعارف کروانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

وزیر زراعت نے کہا کہ ترکی کی جدید زرعی تحقیق پاکستان کے لئے نہایت موذوں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ترکی اپنی ٹیکنالوجی پاکستان میں منتقل کرنے پر بھی آمادہ ہے۔اس طرح مشینری درآمد کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی بلکہ پنجاب میں ہی اس کی تیاری ہو گی۔ اس موقع پر ترکی کے وفد نے وزیر زراعت کو ترکی میں 22جنوری 2014ء سے شروع ہونے والی زرعی نمائش میں شرکت کی دعوت بھی دی ۔

متعلقہ عنوان :