آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور پہاڑی علاقوں میں برفباری ،اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش ،موسم مزید سرد ہوگیا ، برفباری کے باعث کئی علاقوں کا آپس میں زمینی رابطہ منقطع ، لوگ گھروں میں محصور ،گیس اور بجلی کی لوشیڈنگ کے باعث معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ، بلوچستان ، ہوا کے کم دباوٴ کا سسٹم داخل ہونے سے سردی میں اضافے کا امکان ،جمعہ کو سردی کی شدت میں اضافہ متوقع۔ تفصیلی خبر

بدھ 8 جنوری 2014 21:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 جنوری ۔2014ء) آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور پہاڑی علاقوں میں برفباری اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش کے باعث موسم مزید سرد ہوگیا ، برفباری کے باعث کئی علاقوں کا آپس میں زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ،لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ، گیس اور بجلی کی لوشیڈنگ کے باعث معمولات زندگی مفلوج ہو گیامحکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں رات چار بجے برف باری کا سلسلہ شروع ہو اور اس وقت شہر کی سڑکیں، عمارتیں، درخت و تالاب سب برف سے ڈھک گئے ہیں۔

شہر میں درجہ حرارت منفی ایک ڈگری ریکارڈ کیا گیا جس میں اضافے کا امکان ہے۔ کوئٹہ کے ساتھ مستونگ، قلات اور زیارت میں بھی ایک فٹ برف پڑی۔ کوئٹہ کے علاوہ زیارت، سنجاوی، قلات اور مستونگ میں بھی برف باری دن بھر جاری رہی ، امکان ہے کہ کوئٹہ میں ٹھنڈ کے بعد کراچی میں بھی سردی بڑھنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

آواران اور گرد و نواح میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ادھر دالبندین، گوادر، جیونی اور نوکنڈی کے دیگر علاقوں میں بارش کے بعد شدید سردی ہو گئی۔

بلوچستان کے زیادہ تر علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے گرگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں ہوا کے کم دباوٴ کا سسٹم داخل ہونے سے سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے جمعہ کوسندھ میں سردی کی شدت بڑھ جائے گی۔ادھر شمالی وزیرستان میں بھی رات بھر برف باری ہوتی رہی۔ شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال اور تحصیل رزمک میں رات بھر برفباری جاری رہی، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا شمالی وزیرستان میں برفباری کے بعد شوال اور رزمک کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا دوسری جانب گلگت بلتستان بھی شدید سردی کی لپیٹ میں آگئے استور میں درجہ حرارت منفی گیارہ ، ہنزہ میں منفی آٹھ تک گرنے کے بعد معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں کے علاوہ پشاور، ہزارہ، کوہاٹ ڈویژن میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔ گلیات اور مری میں برفباری متوقع ہے ، اسلام آباد، راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں بارش سے موسم سرد ہوگیا پنجاب میں گجرات اور فیصل آباد سمیت ملحقہ علاقوں میں موسم ابر آلود رہا اور وہاں ہونے والی بوندا باندی نے عوام کو ایک مرتبہ پھر گرم مشروبات کی جانب راغب کردیا جبکہ جنوبی پنجاب کے پر فضا ء مقام فورٹ منرو میں موسم سرما کی پہلی برفباری نے سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرلیا ادھر سکھر سمیت اندرون سندھ کندھ کوٹ، روہڑی، لاڑکانہ، جیکب آباد اور پڈعیدن میں صبح بوندا باندی سیسردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ کراچی، حیدرآباد اور ٹھٹہ سمیت سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں موسم ابر آلود رہا محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش پنجگور میں 30ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ، جیوانی میں 16، گوادر 15، دالبندین 12 اور مارا دس، پسنی آٹھ، قلات سات، پاراچنار اور نوکنڈی میں دو جبکہ کوئٹہ میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ملک میں سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی بارہ ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ استور منفی گیارہ،پاراچنار منفی نو،گوپس اورہنزہ میں منفی آٹھ،مالم جبہ منفی سات جبکہ دروش اورراولاکوٹ منفی پانچ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلیات اور مری میں برف باری ،اسلام آباد سمیت پوٹھوہار اور سیالکوٹ ریجن میں مزید بارش کا امکان ہے۔