بورڈ آف ڈائریکٹر زکا اجلاس، پی آئی اے سمیت اہم قومی اداروں کی نجکاری کی منظوری،ملازمین کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت،ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس ، نیشنل پاور کنسٹرکشن کمپنی کی نجکاری کی منظوری بھی دیدی گئی ،پی ایس او،اوجی ڈی سی ایل،یوبی ایل،ایچ بی ایل، الائیڈ بنک کے دس،دس فی صد شیئرز کی فروخت سے ایک کھرب پچاس ارب ملیں گے،ذرائع

بدھ 8 جنوری 2014 21:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 جنوری ۔2014ء) نجکاری کمیشن نے قومی فضائی کمپنی پی آئی اے سمیت اہم اداروں کی نجکاری کی منظوری دیتے ہوئے ان تمام اداروں کے ملازمین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے پر اتفاق کیا ہے ،بدھ کو نجکاری کمیشن کا خصوصی اجلاس محمد زبیر کی زیرصدارت ہوا،اجلاس میں بورڈ کے نامزد ارکان اور سیکرٹری نجکاری بھی شریک ہوئے۔

نجکاری بورڈ کمیشن کے اجلاس میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے علاوہ ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس اور نیشنل پاور کنسٹرکشن کمپنی لمیٹڈ کی نجکاری کی منظوری دی گئی جنہیں اب حتمی منظوری کے لیے کابینہ کی نجکاری کمیٹی میں پیش کیا جائے گا۔نجکاری سے متعلق اہم ذرائع کا کہنا ہے کہ دراصل نجکاری کمیشن کے بورڈ کا یہ اجلاس ہی حتمی منظوری سمجھا جاتا ہے اور ایسا بہت کم ہی ہوا ہے کہ کبھی اس بورڈ کے فیصلوں کو واپس کیا گیا ہو۔

(جاری ہے)

برطا نوی نشریاتی ادارے کے مطابق اس اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ حکومت کو پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے پانچ فیصد شیئرز بیچنے سے 20 ارب روپے، آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے دس فیصد شئیرز سے 70 سے 80 ارب روپے، یونائیٹڈ بنک لمیٹڈ کے دس فی صد شیئرز سے 15 ارب روپے، حبیب بنک لمیٹڈ کے 20 فیصد شیئرز سے 40 سے 50 ارب روپے اور الائیڈ بنک کے دس فی صد شیئرز کی فروخت سے 10 ارب روپے ملنے کی توقع ہے۔

اجلاس میں اس بات پربھی غورکیا گیا کہ پاکستان سٹیل ملز، ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس، اسلام آباد اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی، تھرمل پاورسٹیشن مظفرگڑھ اور نیشنل پاور کنسٹرکشن کمپنی کے آدھے یا اس سے زیادہ جبکہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) اور پی آئی اے انوسٹمنٹ لمیٹڈ کے 25 فیصد یا اس سے زیادہ شیئرز بیچنے سے کیا معاشی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :