امریکی محکمہ خارجہ نے کوئٹہ کے طالبان کمانڈر قاری سیف اللہ کو عالمی دہشت گرد قرار دیدیا

بدھ 8 جنوری 2014 15:18

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8جنوری 2014ء) امریکی محکمہ خارجہ نے کوئٹہ کے طالبان کمانڈر قاری سیف اللہ کو عالمی دہشت گرد قرار دے دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق افغان طالبان کے حمایتی ڈپٹی گورنر اور افغان صوبے زابل کے ایک آپریشنل کمانڈر قاری سیف اللہ جن کی کوئٹہ کے ایک رہائشی کے طور پر شناخت ہوئی ہے، امریکی محکمہ خارجہ نے ان کو ایک آپریشنل کمانڈر قرار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مشرقی صوبے زابل میں افغان حکومت اور اتحادی فوجی کے خلاف شدت پسند سرگرمیوں میں طالبان جنگجووٴں کا استعمال کرتے ہیں۔

حکم کا اطلاق ان امریکی لوگوں پر بھی ہوگا جو قاری سیف اللہ کے ساتھ لین دین کے روابط میں ملوث ہوں گے، ان کی تمام جائیداد و املاک منجمد کردی جائے گی۔نجی ٹی وی کے مطابق خیال رہے کہ قاری سیف اللہ ماضی میں صوبے زابل میں حکومت کے خلاف دیسی ساختہ بم حملوں، فائرنگ اور راکٹ حملوں کا براہ راست حکم دیتے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق گزشتہ سال 14 جنوری کو قاری سیف اللہ کے ماتحت کام کرنے والے چھ طالبان باغیوں نے عبدالحق کے گاوٴں کے قریب رومانیہ کے ایک فوجی قافلے پر راکٹوں اور دستی بموں سے حملہ کیا تھا۔

اس سے قبل 28 ستمبر 2011ء کو قاری سیف اللہ کی ہدایت پر دو خودکش حملہ آوروں نے زابل کے اضلاع قلات اور شجوے میں امریکی قیادت میں کام کرنے والی ایک صوبائی ترقیاتی ٹیم پر حملے کی منصوبہ بندی کی تھی۔