انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز میں یادگار فتح ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے ،مائیکل کلارک

بدھ 8 جنوری 2014 13:02

سڈنی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8جنوری 2014ء) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے قائد اور مایہ ناز بلے باز مائیکل کلارک نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز میں یادگار فتح ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے، فتوحات کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ون ڈے سیریز بھی اپنے نام کرنے کیلئے سرتوڑ کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز میں ٹیم کے ہر کھلاڑی نے اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائی اور یہی ٹیم کی کامیابیوں کا راز ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیریز کے دوران مداحوں نے بہت حوصلہ افزائی کی جس پر وہ ان کے مشکور ہیں، امید ہے کھلاڑی ون ڈے سیریز میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ انگلش ٹیم ون ڈے سیریز میں شکست کا بدلہ چکانے کیلئے ہر حربے استعمال کرے گی اسلئے مجھ سمیت تمام کھلاڑیوں کو ہوشیار ہونا ہو گا اور سیریز میں کلین سویپ فتح کیلئے کھیل کے تینوں شعبوں پر سخت محنت کرنا ہو گی۔