سہ ملکی پی سی بی قطر ویمن ونڈے کرکٹ سیریز کل شروع ہو گی ،پاکستانی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف مہم کا آعاز کریگی

بدھ 8 جنوری 2014 13:02

دوحہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8جنوری 2014ء) سہ ملکی پی سی بی قطر ویمن ون ڈے کرکٹ سیریز کا آغاز (آج) جمعرات سے دوحہ، قطر میں ہو گا۔ سات روز تک جاری رہنے والی سیریز میں پاکستان سمیت جنوبی افریقہ اور آئرلینڈ کی ویمن ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ابتدائی میچ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ویمن ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا، سیریز میں فائنل سمیت مجموعی طور پر 7 میچز کھیلے جائیں گے۔

10 جنوری کو آئرلینڈ اور پاکستان کی ویمن ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، 10 جنوری کو آرام کا دن ہو گا، 11 جنوری کو سیریز کا تیسرا میچ آئرلینڈ اور جنوبی افریقہ کی ویمن ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا، 12 جنوری کو آرام کا دن ہو گا، 13 جنوری کو سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان کی ٹیم آئرلینڈ کے مدمقابل ہو گی، 14 جنوری کو سیریز کے پانچویں میچ میں پاکستانی ٹیم کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہو گا، سیریز کا چھٹا اور آخری لیگ میچ 15 جنوری کو آئرلینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 17 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے قومی ٹیم کی منیجر عائشہ اشعر نے کہاکہ دوحہ قطر میں ہونے والے تین ملکی ویمن کرکٹ ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ٹورنامنٹ جیتے گی۔تین ملکی ٹورنامنٹ میں شرکت سے قومی ٹیم کی کھلاڑیوں کو نہ صرف ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی دو مخالف ٹیموں کی مضبوطی اور کمزوریوں کا پتہ چلے گا بلکہ انہیں اپنی رینکنگ کو بھی بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔عائشہ اشعر نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل غیر ملکی سیریز کے علاوہ بے نظیر بھٹو کپ کا بھی انعقاد کیا جائے گا جس سے کھلاڑیوں کو پریکٹس ملے گی۔