وزیر اعلیٰ کی طرف سے سمری مسترد کئے جانے باوجود واسا نے بلوں میں از خود اضافہ کر دیا،گھریلو صارفین کیلئے دو ماہ کا بل 440سے بڑھا کر کم از کم 620 سے 780روپے تک کر دیا گیا ،کمرشل صارفین کے بلوں میں کئی گنا اضافہ،بلوں میں اضافہ نہیں کیا گیا ،ٹیرف یکساں کیا گیا ہے ،گھریلو اور صارفین سے 3300ملین روپے وصول کرنے ہیں‘ ڈی ایم ڈی واسا

منگل 7 جنوری 2014 22:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7 جنوری ۔2014ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے پانی کے بلوں میں اضافے کی سمری مسترد کئے جانے کے باوجود واسا نے بلوں میں از خود اضافہ کر دیا ،گھریلو صارفین کیلئے دو ماہ کا بل 440روپے سے بڑھا کر کم از کم 620روپے سے 780کر دیا گیا جبکہ کمرشل صارفین کیلئے بھی بلوں میں کئی گنااضافہ کر دیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق مالی مشکلات کا شکار واسا نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو بلوں میں اضافے کے لئے سمری ارسال کی تھی تاہم وزیر اعلیٰ نے سروسز بہتر کرنے تک بلوں میں اضافے کی تجویز کو مسترد کر دیا تھا ۔

تاہم واسا نے مشکلات بڑھنے کے بعد یکساں ٹیرف کے نام پر بلوں میں از خود اضافہ کر دیا ہے ۔ واسا کی طر ف سے شہریوں کو رواں ماہ اضافے کے ساتھ بل بھجوائے گئے ۔

(جاری ہے)

گھریلو صارفین کو اس سے قبل جو 220روپے (ایک ماہ کا بل بغیر ٹیکسز )کے حساب سے دو ماہ بعد بھجوایا جاتا تھا اب یہ بل اضافے سے دو ماہ بعد 620روپے سے 780روپے تک آئے گا جبکہ کمرشل صارفین کے لئے بھی بلوں میں کئی گناہ اضافہ کیا گیا ہے ۔

ڈی ایم ڈی واسا اقتدار شاہ کے مطابق بلوں میں اضافہ نہیں کیا گیا ۔پہلے پانچ مرلے کے مختلف گھروں کو مختلف بل آتے تھے لیکن اب اسے یکساں کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ واسا کے کل6لاکھ37ہزار کنکشنز ہیں جن میں سے 35ہزار کمرشل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ واسا نے گھریلو اور کمرشل صارفین سے تقریباً3300ملین روپے کی وصولی کرنی ۔

متعلقہ عنوان :