Live Updates

پاکستان اس وقت دوراہے پرکھڑاہے ،لوگوں کو ان کے حقوق دیناہوں گے،عمران خان،11مئی کے الیکشن کی طرح اگربلدیاتی الیکشن میں دھاندلی ہوئی توتسلیم نہیں کرینگے، عوام کو سڑکوں پرلائیں گے،سندھ میں ون اورٹو کی تقسیم میں کوئی حقیقت نہیں ہے ، 24سال سے ملک میں موجود نہ ہونیوالوں کو ایسا مطالبہ نہیں کرنا چاہئے، چیئرمین تحریک انصاف کی میڈیا سے گفتگو

منگل 7 جنوری 2014 22:30

کرچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7 جنوری ۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ پاکستان اس وقت دوراہے پرکھڑاہے لوگوں کو ان کے حقوق دیناہوں گے ،سندھ میں ون اورٹو کی تقسیم میں کوئی حقیقت نہیں ہے جو لوگ 24سال سے ملک میں نہیں ہیں ان کو اس طرح کا مطالبہ نہیں کرناچاہیے،ملک نفرت کی تقسیم کا متحمل نہیں ہوسکتا، 11مئی کے الیکشن کی طرح اگربلدیاتی الیکشن میں دھاندلی ہوئی توتسلیم نہیں کریں گے اورعوام کو سڑکوں پرلائیں گے۔

وہ پیرکومقامی ہوٹل میں پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین،سندھ اسمبلی کے رکن سید حفیظ الدین اور پی ٹی آئی سندھ کے صدرنادراکمل لغاری ودیگرکے ہمراہ میڈیاسے گفتگوکررہے تھے۔ عمران خا ن نے کہاکہ میاں برادارا ن نے سوئس بینکوں میں رکھے ہوئے آصف زرداری کے چھ ارب روپے پاکستان لانے کاوعدہ کیاتھالیکن اب حکومت بنتے ہی دونوں پارٹیوں کے درمیان مک مکا ہوگیاہے اورسوئس بینکوں میں رکھی ہوئی رقم کاذکر تک نہیں کیاجارہا، پاکستان اس وقت دوراہے پرکھڑاہے لوگوں کو ان کے حقوق دیناہوں گے سندھ میں ون اورٹو کی تقسیم میں کوئی حقیقت نہیں ہے جو لوگ 24سال سے ملک میں نہیں ہیں ان کو اس طرح کا مطالبہ نہیں کرناچاہیے ، تقسیم کے نعرہ لگاکر عوام کو تقسیم نہ کیاجائے اگرکسی نے پاکستان کی خدمت کرناہے توملک میں آئے ،بلاول بھٹو ٹویٹ پر بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں لیکن وہ ملک میں کتنا وقت دیتے ہیں اورلوگوں کے مسائل میں کتنی دلچسپی رکھتے ہیں یہ سب عوام کے سامنے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم نے قومی اسمبلی کے چارحلقوں میں ووٹوں کی تصدیق کا مطالبہ کیاتھالیکن ابھی تک اس پرعمل نہیں کیاگیا،مجھے نہیں معلوم کہ تصدیق کرانے سے حکومت کیوں خوف زدہ ہے اگرکسی کو زیادہ ڈرہے تو وہ سب سے پہلے میرے حلقے کے ووٹوں کی تصدیق کرلے اوربعدمیں تحریک انصاف کے جتنے بھی ممبراسمبلی ہیں ان کے حلقوں کی تصدیق کرلیں ۔کراچی کے تین حلقوں کی تصدیق ہوئی ہے تو معاملہ سب کے سامنے آگیاہے دراصل یہ ووٹوں کانہیں بلکہ دھاندلی کاالیکشن تھا، یہاں پر جمہوریت چوری ہورہی ہے ،انہوں نے کاکہ ہمارے کارکنوں پر سندھ اورپنجاب میں بلاجواز مقدمے بن رہے ہیں ،خیبرپختون خواہ میں چیلنج کرتاہوں کہ ایک بھی سیاسی مقدمہ نہیں بنایاگیاتاہم سندھ اورپنجاب میں ہمارے لئے ماحول مشکل بنایاجارہاہے تاکہ لوگ ڈر جائیں اورایک مرتبہ پھرحکمران اپنی مرضی کے انتخابی نتائج لاسکیں، انہوں نے کہاکہ اگر11مئی کے انتخابات کے طرح بلدیاتی انتخابات میں بھی دھاندلی ہوئی توبرداشت نہیں کریں گے اورعوام کو سڑکوں پرلانے میں حق بجانب ہوں گے ۔

ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہاکہ پیسکوکا کنٹرول لینے پربات ہورہی ہے پیسکو تقسیم کارکمپنی ہے ہم نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ خیبرپختون خواہ کی ساری بجلی کمپنیاں جو بجلی بناتی ہیں اورجوبجلی تقسیم کرتی ہیں ہمارے حوالے کی جائیں ، انہوں نے کہاکہ اگرصوبے میں بجلی کا کنٹرول دے دیاگیا تو ہم بجلی سستی کریں گے اورچوری کو بھی ختم کردیں گے تاہم حکومت کو پوراکنٹرول دیناہوگا۔

ایک سوال کے جوا ب میں ان کاکہنا تھاکہ تحریک انصاف کی رہنما زہراشاہد کے قاتل گرفتارہوچکے ہیں تاہم پولیس ان کے نام سامنے لائے اوریہ بتائے کہ ان کا تعلق کس پارٹی سے ہے۔انہوں نے پرویز مشرف کے بارے میں کہاکہ اگروہ واقعی بیمار ہیں توان کو علاج کی بہترین سہولتیں دینی چاہیے تاہم اگرکوئی این آر او کی بات ہے یا ان کے بیرونی دوست انہیں باہر لے جاناچاہتے ہیں تویہ ملک کے لئے بہترنہیں ہوگا۔ یہاں پر پٹواری اورچھوٹے مجرموں کو تولٹکادیاجاتاہے لیکن بڑے مجرموں پرکوئی ہاتھ نہیں ڈالتا، پاکستان میں دہرانظام رائج ہے ،غریب کے لئے الگ قانون اورامیر کے لئے الگ قانون ہے انہوں نے کہاکہ لوگوں کوعدل وانصاف پر جمع کریں اوران کے حقوق دیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات