ملک بھر میں بجلی ،گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا ،معمولات زندگی متاثر ہو رہے ،کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے ، مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے ،مظاہرین کاحکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ ،شارٹ فال 2200میگا واٹ کی سطح پر آگیا ، این ٹی ڈی سی کا دعویٰ،لوڈ شیڈنگ کم ہونے کی بجائے مزید بڑھ گئی

منگل 7 جنوری 2014 21:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7 جنوری ۔2014ء) پنجاب سمیت ملک بھر میں بجلی اور گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا ، شہری اور دیہی علاقوں میں گیس اور بجلی کی بد ترین لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں جبکہ کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں ، مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے اورمظاہرین نے حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

این ٹی ڈی سی کے اعدادوشمار کے مطابق بجلی کا شارٹ فال کم ہو کر 2200میگا واٹ کی سطح پر آ گیا ہے جبکہ اسکے برعکس لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کمی کی بجائے اضافہ ہو رہا ہے ۔ مختلف شہری علاقوں میں ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ دیہی علاقوں میں یہ دورانیہ 15سے 18گھنٹے تک بر قرار ہے ۔ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے گھریلو صنعتیں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

این ٹی ڈی سی کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ روز بجلی کی کل پیداوار8800جبکہ طلب 11000 میگا واٹ رہی ۔ہائیڈل سے 1000‘تھرمل سے 18000اور آئی پیز سے 6000میگا واٹ پیداوار حاصل ہوئی ۔ دوسری طرف موسم سرما کی شدت کے باعث گیس کی لوڈ شیڈنگ بھی بر قرار ہے جسکی وجہ سے عوام دوہری مشکلات سے دوچار ہیں ۔ اکثر علاقوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر کی وجہ سے نہ صرف خواتین کو گھریلو امور کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا ہے وہیں گیس سے منسلک تمام کاروبار بھی ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں ۔ گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کیخلاف گزشتہ روزبھی مختلف مقامات پر مظاہرے کئے گئے جس میں حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ۔