Live Updates

پرویز مشرف کے خلاف مقدمے کا فیصلہ عدالتوں سے ہی ہونا چاہیے ، مولانا فضل الرحمن ،بیماری کا تعین ڈاکٹروں نے کرنا ہے ، باہر جانے کا فیصلہ کہیں اور ہوگا ، نیٹو سپلائی کے معاملے پر حکومت پاکستان کو دھمکایا جارہا ہے ، پی ٹی آئی کو ڈالر دیئے جارہے ہیں ،سربراہ جے یو آئی کی میڈیا سے گفتگو

منگل 7 جنوری 2014 21:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7 جنوری ۔2014ء) جمعیت علمائے اسلام (ف )کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے خلاف مقدمے کا فیصلہ عدالتوں سے ہی ہونا چاہیے ، ان کی بیماری کا تعین ڈاکٹروں نے کرنا ہے ، باہر جانے کا فیصلہ کہیں اور ہوگا۔منگل کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سابق صدر کا معاملہ عدالت میں ہے اس حوالے سے وہ کوئی بات نہیں کرنا چاہتے تاہم پرویز مشرف کے خلاف مقدمے کا فیصلہ عدالتوں سے ہی ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پرویزمشرف کی بیماری کا معاملہ ڈاکٹرز نے دیکھنا ہے اور ان کی بیرون ملک روانگی کا معاملہ کہیں اور طے ہونا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ مجھے پرویزمشرف کے معاملے سے کوئی دلچسپی نہیں، بارہ اکتوبر کا اقدام تین نومبر سے زیادہ سخت تھا۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال میں ملک اداروں کے درمیان ٹکراؤکا متحمل نہیں ہوسکتا مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ وزیرستان میں طاقت کے استعمال کے حوالے سے احتیاط سے کام لیا جائے،ملک میں قیام امن کے لئے ٹھوس پالیسیاں بنانا ہونگی۔ انہوں نے کہاکہ نیٹو سپلائی کے معاملے پر حکومت پاکستان کو دھمکایا جارہا ہے جبکہ پی ٹی آئی کو ڈالر دیئے جارہے ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات