این آر او تھری کی بات کرنے والوں نے خود پرویز مشرف کو کندھوں پر بٹھایا، پرویز رشید

منگل 7 جنوری 2014 20:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7جنوری۔2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ این آر او تھری کی بات کرنے والوں نے خود ریفرنڈم کے وقت پرویز مشرف کو کندھوں پر بٹھایا تھا۔اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان پنجاب میں اچھے کاموں پر بےجا تنقید نہ کریں بلکہ خیبر پختونخوا میں اپنی کارکردگی بہتر بنائیں اور عوام کے دیئے گئے مینڈیٹ کی قدر کریں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان بار بار انتخابات میں دھاندلی کا ڈھول پیٹتے ہیں جبکہ ہری پور سے خود تحریک انصاف کے امیدوار پر دھاندلی ثابت ہوگئی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، آج بھارتی حکومت خود پاکستان سے بات چیت کر رہی ہے اور بھارت، امریکا اور ایران سمیت تمام ممالک ہمارے متعلق مثبت سوچ رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے کہا کہ ہم جنوبی پنجاب اور پوٹھوہار صوبوں کے معاملے پر ہمیشہ خاموش رہے کیونکہ یہ مسائل آئین میں طے ہوچکے ہیں۔پرویز رشید کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کا قریبی دوست ہے اورسعودی وزیرخارجہ کا دورہ بھی اس سلسلے کی ایک کڑی ہے، سعودی عرب چاہتا ہے کہ پاکستان میں توانائی کا مسئلہ حل ہو اسی لئے وہ توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا معاملہ عدالت میں ہے اور ہم عدالتی حکم پر عمل درآمد کریں گے۔