درخواست کے مطابق ٹیرف میں اضافہ نہ کیا گیا تو کمپنی کو 6ارب روپے کا نقصان ہوگا ‘ این این جی پی ایل،ایس این جی پی ایل کی درخواست پر اوگرا کی عوامی سماعت 14جنوری ،سوئی سدرن کی 23جنوری کو کراچی میں ہوگی، ذرائع ۔ اپ ڈیٹ

منگل 7 جنوری 2014 19:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7 جنوری ۔2014ء) سوئی نادر ن گیس پائپ لائنز نے کہا ہے کہ اوگر ا کو دی گئی درخواست کے مطابق ٹیرف میں اضافہ نہ کیا گیا تو کمپنی کو 6ارب روپے کا نقصان ہوگا ۔ بتایا گیا ہے کہ سوئی نادرن گیس پائپ لائنز کی درخواست پر گیس کی نئی قیمتوں سے متعلق اوگرا کی عوامی سماعت 14جنوری کو لاہور جبکہ سوئی سدرن کی سماعت 23جنوری کو کراچی میں ہوگی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق یکم جنوری کو گیس کی نئی قیمتوں کا تعین ہونا تھا، جس کے لئے اوگرا نے عوامی سماعت اکتوبر کے اختتام پر کرنا تھی۔ ذرائع کے مطابق اوگرا کا کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے عوامی سماعت نہ ہوسکی تاہم اب اوگرا کا ممبر گیس تعینات کردیا گیا ہے جس کے بعد گیس کے نرخوں کے تعین کے لئے عوامی سماعت 14جنوری کو لاہور اور 23جنوری کو کراچی میں ہوگی، ذرائع کا کہنا ہے کہ یکم فروری سے گیس کے نئے نرخ جاری کئے جائیں گے۔