مشرف کے دل کی بائیں شریان بند،ایک کندھا صحیح کام نہیں کر رہا: رپورٹ

منگل 7 جنوری 2014 19:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7جنوری۔2014ء) راولپنڈی کے عسکری ادارہ امراض قلب کے میڈیکل بورڈ نے رپورٹ جاری کردی۔ پرویز مشرف کے دل کی ایک شریان بند ہے ، ایک کندھا درست کام نہیں کر رہا ۔اُردو پوائنٹ نے مشرف کی بیماری کی رپورٹ ویب سائٹ پر جاری کر دی ہے۔ اے ایف آئی سی کے سینئر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ کی رپورٹ چار صفحات پر مشتمل ہے ۔

رپورٹ کے مطابق پرویز مشرف کو پانچ بیماریاں لاحق ہیں ۔ سابق صدر کو انجیوگرافی کی ضرورت ہے تاکہ بائی پاس کا فیصلہ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

دل کی ایک شریان بند ہے۔ ایک کندھا صحیح کام نہیں کر رہا۔ ریڑھ کی ہڈی کا عارضہ بھی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پرویز مشرف ذہنی دباؤ کا شکار ہیں انہیں بائیں کندھے میں ماضی میں بھی تکلیف رہ چکی ہے۔ بائیں گھٹنے میں بھی سوزش تھی۔ دانتوں کا مرض بھی لاحق ہے۔ پرویز مشرف کو شوگر نہیں اور بلڈپریشر بھی نارمل ہے ۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پرویز مشرف سگریٹ نوشی بھی کرتے ہیں۔ ان کی نیند بھی متاثر ہو رہی ہے۔ میڈیکل بورڈ نے پرویز مشرف کو آرام کا مشورہ دیا ہے جبکہ ریڑھ کی ہڈی کے علاج کیلئے فزیوتھراپی کرانے کو کہا گیا ہے۔