Live Updates

ایسا لگتا ہے کہ پرویز مشرف کے لئے این آر او تھری لایا جارہا ہے، عمران خان

منگل 7 جنوری 2014 17:15

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7جنوری 2014ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ پرویز مشرف کے لئے این آر او 3 لایا جارہا ہے جب کہ یم کیو ایم کی جانب سے سندھ ون اور سندھ ٹو کی بات ایسی ہے جیسے دھوم ون اور دھوم ٹو جیسی ہے۔کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آج ملک میں تباہی کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ لوگ اقتدار کے لئے سیاسی جماعتیں تبدیل کرتے ہیں اور ان کی صرف یہ سوچ ہوتی ہے کہ اہم عہدے حاصل کرکے کیسے فائدہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔

اسی طرح وہ ارب پتی بن گئے اور لوٹا ہوا ساری پیسا بیرون ملک منتقل کردیا، وہ اپنا زیادہ وقت بھی بیرون ملک گزارتے ہیں اور باتیں پاکستان کی کرتے ہیں، لیکن کچھ ایسے سیاستدان بھی ہیں جو اصلوں کی خاطر اقتدار کو ٹھوکر مارتے ہیں۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی گزشتہ 30 سال سے سیاست میں ہیں اور پیپلز پارٹی کی حکومت میں وہ بڑے اہم وزیر تھے لیکن انہوں نے ریمنڈ ڈیوس کے معاملے پر ایک اصولی موقف اپنایا اور پارٹی چھوڑ دی اسی طرح جاوید ہاشمی نے اصولوں پر اپنی جماعت چھوڑی۔

عمران خان نے مزید کہا کہ سندھ ون اورسندھ ٹو کی سیاست نہیں ہونی چاہئے،سندھ کی تقسیم کی سیاست نفرت کی سیاست ہے، ہمیں لوگوں کو عدل اور انصاف کی بنیاد پر لوگوں کو اکٹھا کرنا ہوگا، لوگوں کو تقسیم کرنے کے بجائے ہمیں نظام کو تبدیل کرنا ہوگا، سندھ ون اور سندھ ٹو کے بعد پتا نہیں پھر کتنے سندھ بنیں گے۔ خیبر سے لے کر کراچی تک ملک میں کہیں انصاف نہیں، ملک میں غریب کے لئے ایک قانون ہے تو طاقتور کے لئ دوسرا۔

کئی جگہ پر لوگ تقسیم کی بات جائز بنیادوں پر کرتے ہیں جس کی واضح مثال جنوبی پنجاب ہے جہاں کے عوام کے حقوق غضب کئے جارہے ہیں اور سارے ترقیاتی کام صرف لاہور ہی میں ہورہے ہیں۔ لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ نفرت کا فائدہ اٹھا کر لوگ اپنی سیاست چنکانا شروع کردیں۔ سندھ کی تقسیم کامطالبہ کرنےوالے22 سال سے ملک سے باہر بیٹھے ہوئے ہیں اس کے علاوہ سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر باتیں کرنے والے بھی کتنا عرصہ ملک میں رہتے ہیں۔

تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ 11مئی کے انتخابات میں تاریخی دھاندلی ہوئی، کراچی میں کیاہوا سب کو پتا ہے، شہر میں قومی اسمبلی کے صرف 3 حلقوں کی تحقیقات ہوئی تو ساری بات سامنے آگئی کہ ایک ایک آدمی نے 50،پچاس ووٹ ڈالے، اسکاذمےدار کون ہے؟۔ کراچی کے بعد حکمران پنجاب میں دھاندلی کی تحقیقات کرنے ہی نہیں دے رہے، وہ 8 ماہ سے 4 حلقوں کی تحقیقات کا مطالبہ کررہے ہیں لیکن حکمران سن ہی نہیں رہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر دھاندلی ملوث لوگوں کو سزا نہ ملی آئندہ دھاندلی کا مقابلہ ہوگا، اسی لئے وہ چاہتے ہیں کہ 4 حلقوں کی تحقیقات بلدیاتی انتخابات سے قبل ہوجائے۔عمران خان نے مزید کہا کہ این آر او ون میں شریف برادران سعودی عرب چلے گئے، این آر او ٹو میں آصف علی زرداری کو فائدہ پہنچایا گیا، اگر این آر او تھری ہوا تو بیرونی قوتیں پرویز مشرف کو اپنے ساتھ لے جائیں گی، جب تک اس ملک میں احتساب نہیں ہوگا قانون کی بالادستی اور کرپشن کا خاتمہ ممکن ہی نہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات