جہانگیر صدیقی اینڈ کمپنی کی درخواست پر شنید قریشی کے وارنٹ گرفتاری جاری

منگل 7 جنوری 2014 11:56

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7جنوری 2014ء)جہانگیر صدیقی اینڈ کمپنی کی درخواست پر شنید قریشی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے ہیں۔ جوڈیشل مجسٹریٹ کراچی جنوبی کی عدالت نے جہانگیر صدیقی اینڈ کمپنی لمیٹڈ کے چیف فنانشنل آفیسر اور کمپنی کے شیئرز ہولڈز پر تشدد کرنے، جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے اور ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے الزام میں نامزد ملزم العباس شوگر مل کے سی ای او اور سابق چیئرمین پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن شنید قریشی کے 10 جنوری کے لئے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں اور پولیس کو ملزم کو گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

مدعی مقدمہ نے موقف اختیار کیا ہے کہ وہ جہانگیر صدیقی اینڈ کمپنی لمیٹڈ میں بحیثیت چیف فنانشنل آفیسر کے ملازمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

15اکتوبر 2013کو ان کی کمپنی کی سالانہ میٹنگ کے دوران ملزمان شنید قریشی حاجی عثمان ، عاصم غنی ولدحاجی عثمان غنی اور50,60 افراد میٹنگ روم میں دروازہ توڑ کر داخل ہوئے اورمدعی سمیت دیگر افراد کو مارنا شروع کردیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔

واقعے کی فوٹیج کئی ٹی وی چینلز پر نشر کی گئی اور اخبارات نے بھی چھاپا۔ بعد میں ایک نجی ٹی وی چینل نے واقعے کے کافی دن گزرنے کے بعد بھی اس موضوع پر ایک مذاکرہ بھی کرایاتھا۔ اس واقعہ سے ان کے ادارے کی ساکھ متاثر ہوئی۔ لہٰذاملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔عدالت کے حکم پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔